تہران۔ 31 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ایران نے آج امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے اس بیان کو ’’منافقت‘‘ سے تعبیر کیا جہاں انہوں نے کہا تھا کہ وہ ایران کا دورہ کرتے ہوئے ایرانی عوام کو درپیش مسائل کی یکسوئی کریں گے۔ وزیر خارجہ ایران محمد جواد ظریف نے چہارشنبہ کو ایک کابینی اجلاس میں شرکت کے بعد پومپیو پر راست تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایران کا دورہ کرنے کی قطعی ضرورت نہیں ہے بلکہ ضرورت اس بات کی ہے کہ موصوف ایرانی اخباری نمائندوں کو امریکہ کا ویزا جاری کریں تاکہ وہ ان کا (پومپیو) انٹرویو لے سکیں کیونکہ قبل ازیں ایرانی صحافیوں کو امریکی ویزے جاری کرنے سے انکار کردیا گیا تھا۔ پیر کے روز پومپیو نے کہا تھا کہ ہم ظریف کے دورۂ ایران پر خوفزدہ نہیں ہیں۔ ظریف کو امریکہ میں اظہار خیال کی آزادی حاصل رہے گی۔ پومپیو نے آیت اللہ علی خامنہ ای پر بالواسطہ تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ کیا خامنہ ای دور حکومت کے حقائق اتنے تلخ ہیں کہ وہ (ظریف) مجھے ان حقائق کو جاننے کیلئے ایران آنے کی اجازت نہیں دے رہے۔ یاد رہے کہ ایران۔ امریکہ تعلقات اس وقت سے کشیدہ ہیں جب 2015ء کے ایران نیوکلیئر معاہدہ سے امریکہ نے خود کو گزشتہ سال الگ کرلیا تھا۔
