پون کلیان نے سعید آباد کے متاثرہ خاندان سے ملاقات کی

   

حیدرآباد۔15 ۔ستمبر (سیاست نیوز) فلم اسٹار اور جنا سینا کے سربراہ پون کلیان آج سعید آباد میں مقتول کمسن لڑکی کے والدین سے ملاقات کیلئے پہنچے تو ہزاروںکی تعداد میں حامیوں نے انہیں گھیر لیا جس کے نتیجہ میں وہ متاثرہ خاندان کے مکان تک نہیں پہنچ سکے۔ متاثرہ خاندان کو ان کی کار کے پاس لایا گیا جہاں پون کلیان نے ان سے ملاقات کی اور ہمدردی کا اظہار کیا۔ پون کلیان کی آمد کی اطلاع کے ساتھ ہی سنگارینی کالونی میں ہجوم ٹوٹ پڑا اور مکانات کی چھتوں پر لوگ جمع ہوگئے اور پون کلیان نے اپنی گاڑی پر کھڑے ہوکر عوام کے استقبال کا جواب دیا۔ پون کلیان کے حامیوں میں فلم اسٹار سے ملاقات کیلئے جوش و خروش اور ایک دوسرے پر سبقت کے نتیجہ میں کئی مرتبہ دھکم پیل ہوئی اور وہاں موجود بعض خانگی گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ متاثرہ خاندان سے ملاقات کے بعد پون کلیان نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے پولیس کی جانب سے ابھی تک قاتل کی عدم گرفتاری پر سوال اٹھائے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کرے۔ انہوں نے کہا کہ قاتل کو سزا ملنے تک جنا سینا جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ لڑکی کے والدین نے ایک اور شخص پر شبہات کا اظہار کیا ہے لیکن پولیس کی جانب سے اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ پون کلیان نے مختلف زاویوں سے اس واقعہ کی جانچ اور والدین کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن امداد کا مطالبہ کیا۔ R