حیدرآباد۔/15 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کے ناراض لیڈر پونالہ لکشمیا نے آج پرگتی بھون پہنچ کر چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کی۔ پونالہ لکشمیا اور ان کی شریک حیات کا چیف منسٹر نے استقبال کیا اور کچھ دیر تک بات چیت کی۔ واضح رہے کہ پونالہ لکشمیا نے جنگاؤں اسمبلی حلقہ سے کانگریس ٹکٹ نہ ملنے کے اندیشہ کے تحت کانگریس سے استعفی کا اعلان کردیا تھا۔ استعفی کے دوسرے ہی دن وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی آر نے پونالہ لکشمیا کی قیامگاہ پہنچ کر ملاقات کی اور بی آر ایس میں شمولیت کی دعوت دی تھی۔ انہوں نے پونالہ لکشمیا کو چیف منسٹر سے ملاقات کا مشورہ دیا۔ پرگتی بھون میں آج پونالہ لکشمیا اور ان کی اہلیہ کی چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد بی آر ایس میں شمولیت طئے سمجھی جارہی ہے۔ اس موقع پر رکن راجیہ سبھا کے کیشوراؤ، رکن کونسل پی راجیشور ریڈی اور بی آر ایس لیڈر ڈی شراون موجود تھے۔ اطلاعات کے مطابق چیف منسٹر کے دورہ ورنگل کے موقع پر پونالہ لکشمیا بی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے۔ بی آر ایس نے جنگاؤں اسمبلی حلقہ سے موجودہ رکن اسمبلی کے بجائے پی راجیشور ریڈی کی امیدواری کا اعلان کیا ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پونالہ لکشمیا کو پارٹی ٹکٹ دے گی یا پھر وہ کسی تیقن کے تحت بی آر ایس میں شمولیت اختیار کریں گے۔