بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ اتحاد ہونے کا الزام
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ و بی سی ویلفیر پونم پربھاکر نے مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کو یوسف گوڑہ چوراہے پر کھلے عام مباحث کا چیلنج کیا۔ مرکزی حکومت کی جانب سے تلنگانہ کیلئے کیا کیا گیا اس کی وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پونم پربھاکر نے کہا کہ بی جے پی کی مرکزی حکومت کی کارکردگی تلنگانہ کیلئے مایوس کن ہے ۔ تلنگانہ حکومت کی جانب سے میٹرو ریل ، او آر آر ، موسیٰ ندی ڈیولپمنٹ پراجکٹ کے علاوہ کئی تجاویز مرکز کو روانہ کی ہیں لیکن مرکزی حکومت نے تلنگانہ کی تجاویز کو نظر انداز کردیا ہے جبکہ بی جے پی اور اس کی حلیف جماعتوں کی ریاستوں کیلئے مرکز کا خزانہ لٹایا جارہا ہے ، اس لئے وہ کشن ریڈی سے اپیل کر رہے ہیں کہ وہ جوبلی ہلز کے ضمنی انتخابات کے پیش نظر یوسف گوڑہ چوراہے پر کھلے عام مباحث کے چیلنج کو قبول کریں۔ تاریخ اور وقت کا خود کشن ریڈی طئے کرلیں۔ وہ کسی بھی وقت مباحث میں حصہ لینے کیلئے تیار ہیں۔ پونم پربھاکر نے بی آر ایس کی جانب سے باقی کارڈس کی مہم چلانے پر بھی تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بی آر ایس اصل موضوعات سے عوامی توجہ ہٹانے کی کوشش کر رہی ہے۔ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں ریاست تلنگانہ 8 لاکھ کروڑ روپئے کا مقروض ہوگیا ۔ ریاست کے ہر شہری پر دو لاکھ روپئے کے قرض کا بوجھ عائد ہورہاہے۔ بی آر ایس نے عوام سے کئے گئے کئی وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے۔ جوبلی ہلز میں عوام کو گمراہ کرنے کیلئے کانگریس حکومت کے خلاف جھوٹی اور بے بنیاد مہم چلائی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جوبلی ہلز میں کانگریس کی کامیابی یقینی ہے ، بی جے پی کے امیدوار کو 10 ہزار ووٹ بھی حاصل ہونے کے امکانات نہیں ہے۔ اصل مقابلہ کانگریس اور بی آر ایس کے درمیان ہے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ بی آر ایس اور بی جے پی کے درمیان خفیہ اتحاد ہے ۔ بی جے پی کے مستعفی رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے ہی اس کا پردہ فاش کیا ہے۔ اس الزام پر نہ بی جے پی نے کوئی وضاحت کی ہے اور نہ بی آر ایس نے کوئی جواب دیا ہے۔ جس سے اندازہ ہوگیا ہے کہ دونوں کے درمیان خفیہ اتحاد ہے اور صرف کانگریس کو شکست دینے کیلئے دونوں جماعتیں کام کر رہی ہیں لیکن کانگریس حکومت کی کارکردگی سے ریاست کے عوام مطمئن ہیں۔ کانگریس کے امیدوار نوین یادو بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔2