پونچھ میں ایل او سی پر گولہ باری، ایک فوجی اہلکار ہلاک دو دیگر زخمی

   

سرینگر۔14 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) جموں وکشمیر کے ضلع پونچھ میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے کرنی سیکٹر پر پاکستانی فوج کی فائرنگ میں سرحد کے اس پار ایک فوجی اہلکار ہلاک جبکہ دیگر دو زخمی ہوگئے ہیں۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پونچھ میں ایل او سی کے کرنی سیکٹر پر پاکستانی فوج کی طرف سے اتوار کی علی الصبح قریب پانچ بجکر 30 منٹ پر ہندوستانی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بناکر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں تین فوجی اہلکار زخمی ہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ زخمیوں میں سے 10 آسام رجمنٹ سے وابستہ سپاہی لوانگمبوئی ابونمی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ دیگر دو کو ائرلفٹ کرکے ادھم پورہ میں واقع فوجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستانی فوج نے بھی پاکستانی فائرنگ کا موثر اور منہ توڑ جواب دیا ہے ۔ادھر شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ایل او سی کے بونیار اوڑی سیکٹر پر بھی اتوار کی صبح ہند و پاک کی افواج کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ تاہم اس میں جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے ۔