ممبئی، 28 اکتوبر (ہ س) مہاراشٹرا انسداد دہشت گردی اسکواڈ (اے ٹی ایس) نے پونے کے کونڈوا علاقے سے زبیر ہنگرگیکر نامی ایک شخص کو مبینہ طور پر ممنوعہ دہشت گرد تنظیم القاعدہ سے روابط اور بنیاد پرست سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کر لیا۔ عدالت نے ملزم کو 4 نومبر تک اے ٹی ایس کی تحویل میں بھیج دیا ہے ۔ اے ٹی ایس ذرائع نے آج بتایا کہ، خفیہ اطلاع موصول ہونے کے بعد اسکواڈ نے پیر کو ہنگرگیکر کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا، جہاں سے اشتعال انگیز مواد، الیکٹرانک آلات اور دیگر مشتبہ دستاویزات برآمد کی گئیں۔ برآمد شدہ شواہد کی بنیاد پر اسے گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا گیا، جس نے ابتدائی سماعت کے بعد اسے مزید تفتیش کیلئے اے ٹی ایس کے حوالے کیا۔ تحقیقات کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ یہ کارروائی پونے میں جاری ایک پرانے مقدمے سے منسلک ہے ، جس میں اے ٹی ایس نے 9 اکتوبر کو شہر کے مختلف علاقوں میں تلاشی مہم چلائی تھی۔ ان کارروائیوں کے دوران دہشت گردی سے متعلق کئی مشکوک دستاویزات، ڈیجیٹل ڈیوائسز اور لٹریچر ضبط کیا گیا تھا۔ انہی شواہد کی بنیاد پر زبیر ہنگرگیکر کا نام سامنے آیا۔ اے ٹی ایس نے ثبوتوں کی تصدیق کے بعد دوبارہ اس کے گھر پر چھاپہ مارا اور اسے گرفتار کیا۔
