شادی کیلئے لڑکی کے انتخاب میں اخلاق و کردار کو ترجیح دینے کی تلقین ، ورنگل میں دو بدو پروگرام ، جناب شاہد مسعود ، ڈاکٹر انیس صدیقی کا خطاب
٭٭ ملت کیلئے ادارہ سیاست کی خدمات قابل قدر
٭٭ رشتوں کو جوڑنے دوبدو پروگرام کے دورس نتائج
٭٭ ورنگل میں دوبدو کے ذریعہ تاحال 485 شادیاں
ورنگل /15 ڈسمبر ( ایم اے نعیم ) اسلام کے حیات آفرین پیغام میں جہاں زندگی گذارنے کے تمام امور کو کھول کھول کر بتایا گیا ہے ۔ ایک انسان جو اپنی انفرادی اجتماعی اور خاندانی زندگی بہتر و سکون سے گذارنے کا خوہاں ہے ۔ اس کو چاہئے کہ قرآن اور رسول اکرم ﷺ کے حیات طیبہ کو تھام لے۔ بے جا رسومات سے پرہیز کریں۔ ادارہ سیاست کی ملت اسلامیہ کیلئے فلاحی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ دوبدو ملاقات پروگرام کو نہ صرف ریاست بلکہ بیرونی ریاست بھی کافی مقبولیت حاصل ہو رہی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب شاہد مسعود ریجنل ڈائرکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن نے ورنگل آبنوس فنکشن ہال ایل بی نگر ورنگل میں ادارہ سیاست اور میناریٹی انٹلکچول فورم کے زیر اہتمام 10 ویں دوبدو ملاقات پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس پروگرام کی صدارت ڈاکٹر انیس صدیقی صدر میناریٹی انٹلکچول فورم ورنگل نے کی ۔ جناب شاہد مسعود نے کہا کہ لڑکی کے انتخاب میں خوبصورتی کے بجائے قبول صورت اور اخلاق و کردار پر توجہ دینی چاہئے تاکہ ہر دونوں کی زندگی خوش و خرم گذرسکے ۔ انہوں نے کہا کہ جناب زاہدعلی خان ایڈیٹر سیاست ، جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر اور جناب ظہیرالدین علی خان مرحوم کی شبانہ روز جدوجہد اور محنت کے نتیجہ میں ملت اسلامیہ کو ہر لحاظ سے ترقی دینے کی جو کاوشیں کی جارہی ہیں وہ قابل قدر ہیں ۔ بالخصوص دوبہ دو ملاقات پروگرام کے ذریعہ رشتوں کے جوڑنے کا جو کام جاری ہے ۔ اس کے دورس نتائج امت مسلمہ کو حاصل ہو رہے ہیں۔ اس موقع پر ڈاکٹر انیس صدیقی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ گذشتہ سے جاری ضلع ورنگل میں دو بہ دو پروگرام کے ذریعہ 485 شادیاں انجام پاچکی ہیں ۔ آج کے 10 ویں پروگرام میں سینکڑوں کی تعداد میں سرپرستوں کی شرکت خود بتارہی ہے کہ اس پروگرام کو کافی مقبولیت حاصل ہوچکی ہے ۔ انہوں نے فورم کی جانب سے چلائی جانے والی فلاحی سرگرمیوں کے تعلق سے تفصیلات بتائی ۔ اس موقع پر ایم اے کلیم اسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر رضا ملک گورنمنٹ میڈیکل کالج نرسم پیٹ ، خیرالناصرین ، مسعود مرزا محشر ، سید اکبر ، خسرو سلیم ، سید اظہر الدین اور دیگر موجود تھے ۔ ایم اے نعیم اسٹاف رپورٹر سیاست نے مہمانوں کا استقبال کیا ۔ محترمہ نصرت جہاں نے حمد پیش کی ۔ محمد معشوق ربانی نے نظامت کے فرائض انجام دئے ۔ اس دو بہ دو ملاقات پروگرام میں نصرت جہاں ، نازنین بیگم ، محسنہ عارف ، نور جہاں ، عظیمہ بیگم ، طاہر بیگم ، رخسانہ ، عائشہ ، تمیزہ ، کریمہ تبسم اور دیگر خواتین نے والینٹرس کی خدمات انجام دیں ۔ اس پروگرام میں شہر ورنگل کے علاوہ دیگر مقامات سے بھی والدین کو رجسٹریشن کرواتے دیکھا گیا ۔ جیسے جیسے وقت گذرتے جارہا تھا والدین اور سرپرستوں کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ۔ جناب خیرالناصرین نے دعا کی جناب مسعود مرزاکے شکریہ پر پروگرام کا اختتام عمل میں آیا ۔