ممبئی : شیوسینا نے پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے پر مرکزی حکومت پر نکتہ چینی کی۔شیوسینا نے اپنے ترجمان میں لکھا ہیکہ رام مندرکی تعمیر کے لئے چندے کی وصولی کے بجائے پٹرول اور ڈیزل کے دام جو اس وقت آسمان کو چھو رہے ہیں اسے کم کریں۔ اس سے بھکتوں کے گھروں کا چولہا جلے گا اور رام بھی خوش ہوں گے۔پٹرول اور ڈیزل کے داموں میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ایک دن لوگوں کو یہ گاڑیاں سڑکوں پر چھو کر گھر جانا پڑے گا۔اس طرح کا اظہار خیال شیوسینا نے اپنے ترجمان “سامنا” میں کیا۔ مرکز کی مودی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے “سامنا” میں مزید لکھاہیکہ مشہور شخصیات بھی حکومت کے خلاف بولنے سے ڈرتے ہیں۔کانگریس کے دور میں حکومت کے خلاف بولنے کی آزادی تھی۔ وزیر اعظم نریندر مودی کے اس بیان پر کہ’’اگر ہم سے پہلے والی حکومتوں نے ملک کی تیل کی درآمد پر قابو پالیا ہوتا تو ، متوسط طبقہ کے افرادکو قیمتوں میں اضافہ کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔‘‘طنز کرتے ہوئے لکھا ہے کہ مودی کا بیان ایساہے کہ انہیں اپنے سر کو جھکا دینا چاہئے۔ افسوس اس بات پرہیکہ جو بھی اس معاملے پر لب کشائی کرتا ہے اسے غدار کہا جاتا ہے۔آج حالات یہ ہیں کہ اگر کوئی مودی یا ان کی حکومت پر تنقید کردے تو اسے ملک کا غدار ثابت کرکے جیل کی سلاخوں کے پیچھے ڈال کر اسے سڑا دیا جائے گا۔’جو لوگ پٹرول اور ڈیزل کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کو برداشت کریں گے وہ محب وطن کہلائیں گے اور جو اس کے خلاف بات کرے گا وہ حرام خور اور ملک کا غدار ہوگا، ایسا طے کیا گیا ہے۔