پٹرولنگ گاڑی سے شکایت درج کروانے کی سہولت

   

سٹی پولیس کی نئی پہل ۔ پہلے دن 10 مقدمات کا اندراج
حیدرآباد ۔ 6 ۔ جنوری (سیاست نیوز) حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے موبائیل پٹرولنگ ویان عملہ سے شکایت درج کروانے اور پولیس اسٹیشن گئے بغیر ایف آئی آر کی اجرائی کے سسٹم کو متعارف کرنے کے پہلے دن دونوں شہروں میں دس مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پولیس کمشنر انجنی کمار نے کل دونوں شہروں کے تمام پٹرولنگ گاڑیوں کے عملہ کو ہدایت جاری کی تھی کہ وہ شکایت کنندگان سے ہی ان کے مکان پہنچ کر درخواست وصول کریں اور اس کی بنیاد پر ایف آئی آر جاری کریں۔ یہ سہولت متعارف کئے جانے کے پہلے دن مثبت نتائج برآمد ہوئے اور جملہ10 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پولیس اسٹیشن چارمینار ، دبیر پورہ ، چلکل گوڑہ ، ماریڈ پلی ، مونڈا مارکٹ ، چھتری ناکہ ، فلک نما اور عنبر پیٹ پولیس اسٹیشن میں پٹرولنگ ویان عملہ سے کی گئی شکایتوں پر مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پولیس کمشنر نے کہا کہ یہ سسٹم شہریان کی سہولت کیلئے متعارف کیا گیا ہے اور وہ بغیر پولیس اسٹیشن گئے گھر بیٹھے ایف آئی آر درج کرواسکتے ہیں۔