پکوان گیس قیمتوں پر ایٹالہ راجندر کو کھلے مباحث کا چیلنج‘ ہریش راؤ

   

ریاستی حکومت نے کوئی ٹیکس عائد نہیں کیا ۔ بی جے پی کسانوں کو دہشت گرد تصور کررہی ہے
حیدرآباد ۔ /12 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر فینانس ٹی ہریش راؤ نے پکوان گیس کی قیمتوںمیں اضافہ کیلئے کھلے عام مباحث کا بی جے پی کے امیدوار ایٹالہ راجندر کو چیلنج کیا ۔ کسانوں کو دہشت گردوں کی طرح دیکھنے کا بی جے پی پر الزام عائد کیا ۔ حضور آباد اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخابات میں ٹی آر ایس کے امیدوار جی سرینواس یادو کی انتخابی مہم چلاتے ہوئے ہریش راؤ نے بی جے پی کے امیدوار ایٹالہ راجندر کی جانب سے پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیلئے ریاست کے 291 روپئے ٹیکس کو ذمہ دار قرار دینے پر حیرت کا اظہار کیا ۔ اس کو جمی کنٹہ کے گاندھی مجسمہ یا حضور آباد امبیڈکر مجسمہ کے پاس کھلے عام مباحث میں ثابت کرنے کا ایٹالہ راجندر کو چیلنج کیا ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت 15 دن میں ایک مرتبہ پکوان گیس اور روزانہ پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کرتے ہوئے غریب و متوسط طبقہ پر اضافی مالی بوجھ عائد کررہی ہے ۔ مرکزی حکومت کے پالیسیوںاور غلط فیصلوں کا اعتراف کرنے کے بجائے ایٹالہ راجندر پکوان گیس کی قیمتوں میں اضافہ کیلئے ریاست کے 291 روپئے ٹیکس کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے بے بنیاد الزام عائد کررہے ہیں ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پکوان گیس پر ریاستی حکومت ایک روپیہ ٹیکس بھی عائد نہیں کررہی ہے ۔ جی ایس ٹی کا ٹیکس 5 فیصد ہے وہ بھی مرکزی حکومت نے عائد کیا ہے جس کے صرف 47 روپئے ہوتے ہیں ۔ عوامی تائید سے محروم ہونے والے ایٹالہ راجندر جھوٹ کا سہارا لیتے ہوئے رائے دہندوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہیں یقین ہوگیا ہے کہ وہ شکست سے دوچار ہورہے ہیں اس لئے جھوٹ کاسہارا لیتے ہوئے بی جے پی کی غلطیوں پر پردہ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ریاستی وزیر فینانس نے کہا کہ بی جے پی کسانوں کو دہشت گردی کے نظر سے دیکھ رہی ہے ۔ تین زرعی سیاہ بلز کے خلاف احتجاج کرنے والے کسانوں کے خلاف پرتشدد کارروائی کررہی ہے جس کا بی جے پی کو خمیازہ بھگتنا پڑے گا ۔ ن