انڈیا 349/8 ، مہمان ٹیم 337 آل آوٹ ، سراج کو 4 وکٹ
حیدرآباد : مائیکل بریس ویل نے محض 78 گیندوں میں 140 رنز کی دھواں دھار اننگز کے ذریعہ ہندوستان کو کافی پریشان کیا جبکہ مہمانوں کو آخر کار محض 12 رنز کی کمی سے پہلے ونڈے انٹرنیشنل میں شکست ہوئی ۔ اوپل کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا انتخاب کیا اور میزبانوں نے اوپنر شوبھ من گل کے شاندار 208 رنز کی مدد سے 349/8 اسکور کئے ۔جوابی اننگز میں کیویز 131/6 تک گھٹ گئے تھے ۔ اس دوران حیدرآبادی اسٹار محمد سراج(10-2-46-4) نے شاندار بولنگ کی ۔ تاہم بریس ویل نے جوابی وار کیا مگر وہ اپنی ٹیم کو کامیابی نہیں دلاسکے ۔ 49.2 اوورس میں نیوزی لینڈ 337 پر آل آؤ ٹ ہوگیا ۔ گل کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
گل کی ریکارڈڈبل سنچری ، ہندوستان 349/8
حیدرآباد۔ہندوستانی اوپنر شبمن گل یہاں راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان کے جاری ونڈے سیریز کے افتتاحی میچ کے دوران ریکارڈ ڈبل سنچری اسکورکرنے کے علاوہ 1000 ونڈے رنز بنانے والے تیز ترین ہندوستانی بیٹر بن گئے۔ 23 سالہ گیل ڈبل سنچری بنانے والے کم عمر بیٹر ہیں اور انہوں نے اپنی 19ویں ونڈے اننگز میں 106 تک پہنچنے پر1000 رنز کا ہندسہ عبورکرلیا۔ اپنی اسٹروک سے بھرپور اننگز میں انہوں149 گیندوں میں 19 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے 208 رنز اسکور کئے۔ قبل ازیں انہوں نے تھرواننت پورم کے گرین فیلڈ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں سری لنکا کے خلاف تیسرے ونڈے میں97 گیندوں پر 116 رنز بنانے کے بعد ونڈے میں یکے بعد دیگرے سنچریاں بھی بنائیں۔ گل نے کوہلی اور شکھر دھون کو اس ریکارڈ میں پیچھے چھوڑ دیا، جنہوں نے مشترکہ طور پر 24 اننگز میں 1000 ونڈے رنز کا ریکارڈ اپنے نام کیا اور ونڈے میں سب سے تیز ترین ہندوستانی اور مشترکہ طور پر دوسرے تیز ترین 1000 رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں نے 19 اننگز میں 1000 رنز کا ہندسہ عبور کرنے پر پاکستانی اوپنر امام الحق کی برابری کی جبکہ ایک اور پاکستانی اوپنر فخر زمان کے 18 اننگز میں تیز ترین 1000 ونڈے رنز بنانے کے ریکارڈ سے محروم رہے۔قبل ازیں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورس میں 349/8اسکور بنایا ۔روہت شرما نے دوسرا اعظم ترین انفرادی اسکور 34 رنز بنائے ۔نیوزی لینڈ کیلئے میچل اور شپلی نے فی کس دو وکٹس لئے ۔