پہلا ونڈے: پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ہرایا

   

ویسٹ انڈیز 280، پاکستان 284/5۔ شاہین آفریدی کو 4 وکٹ۔ حسن نواز (63*) کو میچ ایوارڈ
تروبا ، 9 اگست (ایجنسیز) پہلے ونڈے میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کرلی ہے۔ برائن لارا کرکٹ اسٹیڈیم تروبا میں دن اور رات کے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو ویسٹ انڈیز کی ٹیم 49 اوورز میں 280 رنز بنا کر آوٹ ہوگئی۔ میزبان ٹیم کیلئے شائے ہوپ، روسٹن چیز اور ایون لوئس نے نصف سنچریاں بنائیں اور ترتیب وار 55، 53 اور 60 رنز اسکور کئے۔ دیگر کھلاڑیوں میں کیسی کارٹی 30 اور گداکیش موتی 31 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پاکستان کیلئے شاہین شاہ آفریدی نے 4 وکٹ حاصل کئے جبکہ نسیم شاہ کو 3 وکٹ لئے۔ جوابی اننگز میں صائم ایوب صرف 5 اور عبداللہ شفیق 29 رنز بناکر آوٹ ہوگئے۔ بابر اعظم نے 47 اور کپتان محمد رضوان نے 53 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ سلمان علی آغا 23 رنز بنا پائے۔ جب رضوان آؤٹ ہوئے تو پاکستان کا اسکور 180/5 ہوگیا۔ اس موقع پر حسن نواز اور حسین طلعت نے پاکستانی اننگز سنبھالی اور 104 رنز کی شراکت قائم کرکے 49ویں اوور میں پاکستان کو فتح دلائی۔ حسن 54 گیندوں پر 63 اور حسین 41 رنز (37 گیندیں) بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ شاندار بیٹنگ پر حسن نے اپنے پہلے ہی ونڈے انٹرنیشنل میں ’مین آف دی میچ‘ ایوارڈ حاصل ہوا۔ دوسرا میچ 10 اگست کو مقرر ہے۔