پہلوخان قتل تحقیقات :تفتیش کیلئے ایس آئی ٹی کی تشکیل اندرون 15 دن رپورٹ کی طلبی

   

جے پور، 17 اگست (سیاست ڈاٹ کام) راجستھان کے ضلع الورمیں سرخیوں میں چھائے پہلو خان ماب لنچنگ قتل معاملہ میں عدالت کے فیصلہ کے بعد سیاست شروع ہو گئی ہے ۔الور کے ضلع و سیشن عدالت کی طرف سے گزشتہ روز پہلو خاں قتل معاملہ میں تمام ملزمان کو بری کرنے کے بعد ریاستی حکومت حرکت میں آ گئی ہے اور وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت نے خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل کرکے 15 دن میں رپورٹ دینے کی ہدایت دی ہے ۔ یہ تفتیشی ٹیم پہلوخان قتل معاملہ میں دوبارہ جانچ کرے گی، جس میں غفلت برتنے والے پولیس افسران کے بارے میں بھی تحقیقات شامل ہیں۔اس معاملہ کے سلسلہ میں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کی لیڈر مایاوتی نے ریاستی حکومت پر غیرفعال ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا ہے کہ کانگریس حکومت کی غفلت کی وجہ سے پہلو خان ماب لنچنگ معاملہ میں تمام چھ ملزمین نچلی عدالت سے بری ہو گئے ۔ دوسری جانب انہی کی پارٹی کے ممبر اسمبلی راجندر سنگھ گڑھا نے ان کے بیان سے اختلاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ مایاوتی کو پورے معاملے کی مکمل معلومات نہیں ہے ۔ آدھی ادھوری معلومات سے ہی وہ ٹوئٹ کر رہی ہیں۔