کولکاتہ: چیف منسٹرمغربی بنگال ممتا بنرجی نے پہلگام دہشت گرد حملہ میں مارے گئے لوگوں کے اہل خانہ کو 10‘10 لاکھ روپے بطور معاوضہ دینے کا اعلان کیا ہے۔ انہوںنے کہا کہ بِتن ادھیکاری کے والدین سے انہوں نے بات کی ہے۔ ان کے والدین کے لیے سوستھیا ساتھی اسکیم کے تحت ہیلتھ انشورنس کرایا گیا ہے اور انہیں 10 ہزار روپے فی ماہ بطور پنشن دی جائے گی کیونکہ وہ بہت بزرگ ہیں۔ بِتن کے والدین کو 5 لاکھ روپے اور ان کی اہلیہ کو 5 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے یہ بھی کہا کہ بیہالا اور پرولیا کے دیگر 2 متاثرہ کے اہل خانہ کو بھی 10‘10 لاکھ روپے بطور معاوضہ دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ اگر کوئی ملازمت کرنے کی خواہش رکھتا ہے تو سرکار ملازمت بھی دی جائے گی۔ ممتا بنرجی نے یہ بتا یاکہ انہوں نے اودھم پور میں جان گنوانے والے پیرا ملٹری فورس کے جوان کی اہلیہ سے بھی بات کی ہے۔ سرکار نے ان کیلئے بھی ملازمت اور 10 لاکھ روپے معاوضہ کا اعلان کیا ہے۔واضح ہو کہ جموں و کشمیر کے اودھم پور میں سیاحوں کو مارنے والے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پیرا ملٹری فورس کے جوان علی شیخ شہید ہو گئے تھے۔
