پہلگام دہشت گردانہ حملہ کے خلاف امن کی مشعل ریالی

   

غم زدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یگانگت ، جہد کار سندھیا رانی اور دیگر کا خطاب
یدرآباد۔24اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ برائے امن اور اتحاد کی جانب سے نیکلس روڈ پر واقع دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بھیم رائو امبیڈکر کے مجسمے کے روبرو پہلگام میں پیش آئے دہشت گردانہ حملے کے خلاف امن کی مشعل کے عنوان پر اظہار یگانگت پروگرام منعقدہوا ۔ مظاہرین میں سماجی جہدکارہ سندھیا رانی (پی او ڈبلیو)‘ سجایا‘ پدمجا کے علاوہ سارہ ماتھیوز‘ ماریہ تبسم عارف الدین‘ ایڈوکیٹ افسرجہاں‘ وی کرن‘ پروفیسر ویشویشوار رائواور دیگر کے نام قابل ذکر ہیں۔ سندھیا نے اس موقع پر کہاکہ دہشت گردوں اوردہشت گردی کا کوئی مذہب نہیںہوتا۔ پہلگام میںجو واقعہ پیش آیاہے اس کی ہر شعبہ حیات کی جانب سے مذمت کی جارہی ہے مگر چند طاقتیں اس واقعہ کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اگر مذہب کی بنیاد پر یہ واقعہ پیش آتاتو مرنے والوں میں مسلمانوں کے نام شامل نہیںہوتے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ حقائق کو سامنے لانے اور خاطیوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوتی ہے ۔ ہم یہاں پر غم زدہ خاندانوں کے ساتھ اظہار یگانگت کے لئے جمع ہوئے ہیں ۔ فرقہ پرستی کا زہر گھولنے کی کوشش کرنے والوں سے دوٹوک انداز میں سندھیا نے کہاکہ پہلگام میں سیاحوں کی جان بچاتے ہوئے عادل نے اپنی جان دیدی ۔ سارہ ماتھیوز نے کہاکہ ہم یہاں پر ہاتھوں میاںمو م بتیاں لے کر پہلگام دہشت گردانہ حملے میں مرنے والوں کے پسماندگان کے ساتھ اظہار یگانگت کے لئے اکٹھا ہوئے ہیں۔ وی کرن کمار نے دہشت گردی اور فرقہ پرستی مردہ باد کا نعرہ کا دیا ۔ انہوں نے کہاکہ ہم یہاں سے تلنگانہ او رسارے ملک کو اس بات کا پیغام دے رہے ہیںکہ دہشت گردی کا کوئی مذہب نہیںہوتا۔دہشت گردی امن وسلامتی کی دشمن ہے ۔ ملک میں جو فرقہ وارانہ تنائو پھیلانے کی کوششیں کی جارہی ہیں وہ قابل مذمت ہیں۔ افسر جہاں نے سکیورٹی کوتاہی پر سوال اٹھایا ۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ برائے امن واتحاد دہشت گرد حملے میں ہلاک ہونے والوں کے پسماندگان کے ساتھ کھڑا ہے ۔ ماریہ تبسم عارف الدین نے نفرت اور دہشت گردی کے خلاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھنے کے عزائم کا اظہار کیا۔ دہشت گردی مردہ باد‘ ہندو مسلم اتحاد زندہ باد کے نعرے بھی لگائے گئے۔ تلنگانہ برائے امن واتحاد نے اپنے اس مظاہرے کو آگے بھی جاری رکھنے کا اعلان کیا۔اس سے قبل میٹرو پولٹین کریمنل کورٹس بار اسوسیشن( ایم سی سی بی اے ) کے زیر اہتمام نامپلی فوجداری عدالت کے احاطے میں وکلاء کی بڑی تعداد نے ایک مارچ نکالا اور پہلگام دہشت گرد حملے میںہلاک ہونے والوں کے ساتھ انصاف کی گوہا ر لگائی۔ وکلاء کی بڑی تعداد نے اس ریالی میںشرکت کی اور مذکورہ دہشت گرد حملے میںمارے جانے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔اسوسیشن کے صدر کے روی کشور نے پاکستان کے خلاف سخت کاروائی کی حکومت ہند سے مانگ کی ۔ انہوں نے سخت الفاظ میں پہلگام دہشت گرد حملے کو فرقہ وارانہ رنگ دینے کی کوشش کی مذمت کی۔ روی کشور نے بھی کہاکہ دہشت گرد ساری ہندوستانی قوم کے دشمن ہیں۔ عدالت کے احاطے میں بھی ریالی کے دوران پاکستان مردہ باد اور دہشت گردی مردہ باد کے نعرے لگائے گئے۔