پہلگام واقعہ کے خلاف احتجاج ‘ دہشت گردوں کے پتلے نذرآتش

   

کریم نگر ۔24؍ اپریل (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ٹی آر ایس اقلیتی قائدین نے سینئر قائدین محمد جمیل الدین اور میر شوکت علی کی قیادت میں کل کشمیر کے پہلگام میں دہشت گردوں کے ہاتھوں 26 معصوم سیاحوں کی ہلاکت کے خلاف مقامی تلنگانہ چوک پر دہشت گردوں کا پتلا جلایا۔کشمیر کے پہلگام میں کل کے دہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے محمد جمیل الدین نے کہا کہ کشمیر میں معصوم سیاحوں پر دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ انتہائی دردناک واقعہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مرکز کی بی جے پی حکومت ملک کی حفاظت میں پوری طرح ناکام ہو چکی ہے۔ اس نے واقعے کی پوری ذمہ داری قبول کی۔مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرے۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مرنے والوں کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے کے ایکس گریشیا کا اعلان کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔ جمیل الدین، شوکت علی کے ساتھ عرفان الحق، صابر پاشا، فخر الدین، افتخار، سلیم، نواز، نبی، ندیم اور دیگر نے پروگرام میں شرکت کی۔