پہلی تا نویں جماعت کے طلبہ کو پروموٹ کرنے کے احکامات

   

محکمہ تعلیم سے جی او کی اجرائی
حیدرآباد۔/5 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست کے تمام سرکاری، امدادی اور خانگی غیر امدادی اسکولوں میں پہلی تا نویں جماعت کے تمام طلبہ کو اگلی کلاسیس میں پروموٹ کرنے کے احکامات جاری کئے ہیں۔ اسپیشل چیف سکریٹری محکمہ تعلیم چترا رامچندرن نے آج جی او آر ٹی 54 جاری کیا جس کے تحت تعلیمی سال 2019-20 میں یکم تا نویں جماعت کے تمام طلبہ کو اگلی کلاسیس میں پروموٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جی او میں کہا گیا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے کابینہ کے اجلاس کے بعد پہلی تا نویں جماعت کے طلبہ کو پروموٹ کرنے کا اعلان کیا تھا۔ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں امتحانات کے انعقاد ممکن نہیں ہیں لہذا ان جماعتوں کے طلبہ کو اگلی جماعتوں میں پروموٹ کیا جائے گا۔ کمشنر اسکول ایجوکیشن کو احکامات پر عمل آوری کیلئے اقدامات کی خواہش کی گئی ہے۔ سرکاری، امدادی اور غیر امدادی خانگی اسکولس حکومت کے ان احکامات پر عمل آوری کے پابند رہیں گے۔