پہلے مرحلے میں 769 سرپنچ و 10654 وارڈ ارکان بلامقابلہ منتخب

   

الیکشن کمیشن تلنگانہ کا ا علان ، دوسرے مرحلے کے پرچہ جات نامزدگیوں کی جانچ مکمل

حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ میں پہلے مرحلے کے تحت گرام پنچایت انتخابات کے سلسلہ میں جملہ 769 سرپنچوں اور 10654 وارڈ ارکان کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا ۔ بلامقابلہ منتخب سرپنچوں اور وارڈ ارکان کے نتائج کا الیکشن کمیشن تلنگانہ نے اعلان کیا اور بتایا کہ پہلے مرحلے میں جملہ 4479 پنچایتوں اور 39822 وارڈز کیلئے انتخابات ہونگے ۔ لیکن بلامقابلہ منتخب سرپنچوں و وارڈ ارکان کے منجملہ ماباقی 3701 سرپنچوں کیلئے انتخابات منعقد ہونگے ۔ کمیشن کے ذرائع نے کہا کہ سرپنچ عہدوں کیلئے جملہ 12202 امیدوار انتخابی میدان میں ہیں ۔ وارڈ ارکان کی حیثیت سے بلامقابلہ انتخاب عمل میں آنے کے بعد ماباقی 28976 وارڈ ارکان کیلئے انتخاب منعقد ہوگا ۔ ان وارڈ ارکان کیلئے جملہ 70094 امیدوار انتخابی مقابلہ کر رہے ہیں ۔ بتایا جاتا ہے کہ پہلے مرحلے میں 9 گرام پنچایتوں اور 192 وارڈز ارکان کیلئے کوئی پرچہ جات نامزدگیاں وصول نہ ہونے کے باعث انتخابات نہیں کئے جارہے ہیں ۔ دوسرے مرحلے کے انتخابات کیلئے پرچہ جات نامزدگیوں کی جانچ مکمل ہوگئی ۔ دوسرے مرحلے کے تحت جملہ 4135 پنچایتوں کیلئے انتخابات ہونگے اور سرپنچ عہدوں کیلئے جملہ 25419 پرچہ جات نامزدگیاں وصول ہوئیں ۔ جبکہ وارڈ ارکان کیلئے 91458 پرچہ جات نامزدگیاں داخل ہوئے ۔ دوسرے مرحلے کے تحت سرپنچ اور وارڈ ارکان انتخابات کے سلسلہ میں پرچہ جات نامزدگیوں سے دستبرداری کیلئے 17 جنوری آخری تاریخ ہوگی اور انتخابات ماہ 25 جنوری کو ہونگے ۔ ذرائع کے مطابق تیسرے مرحلے کے پنچایت انتخابات کے عمل کا کل یعنی 14 جنوری سے آغاز ہوگا ۔ جملہ 4115 پنچایتوں و 36718 وارڈز ارکان کیلئے انتخابات ہونگے ۔ انتخابات کیلئے 16 تا 18 جنوری تک پرچہ جات نامزدگیاں قبول کی جائیں گی ۔ 19 جنوری کو پرچہ نامزدگیوں کی جانچ کی جائیگی اور اہل امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائے گا ۔ جبکہ 22 جنوری پرچہ جات نامزدگیوں سے دستبرداری کی آخری تاریخ ہوگی اور اسی روز انتخابات میں حصہ لینے والے سرپنچوں اور وارڈز ارکان کے ناموں کی فہرست کااعلان کیا جائے گا ۔