پی آئی اے کی سستی کرایوں والی پروازیں بحال کرنے کا مطالبہ

   

کابل : افغان شہریوں اور حکومتی عہدیداروں کا کہنا ہے کہ وہ پْرامید ہیں کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) جلد ہی کابل کے لیے فضائی آپریشن سستے کرایوں میں بحال کرے گی جیسا کہ طالبان کے اقتدار میں آنے سے پہلے تھا۔عرب نیوز کے مطابق اگست میں طالبان کے افغانستان کا اقتدار سنبھالنے کے بعد پی آئی اے نے کابل سے اسلام آباد کے لیے خصوصی پروازیں بحال کی تھیں جس کی وجہ سے بہت سے افغان شہری جو نئی حکومت اور معاشی بحران سے فرار چاہتے تھے پاکستان آ گئے تھے۔ تاہم بہت سی ایئرلائنز نے افغانستان کے لیے اپنی پروازیں بند کر دیں جبکہ پی آئی اے کی پروازوں کے ٹکٹ افغان شہریوں کی پہنچ سے باہر ہو گئے۔کابل میں ایک ٹریویل ایجنٹ کے مطابق پی آئی اے کا ٹکٹ 2,500 ڈالر میں فروخت ہو رہا ہے جبکہ طالبان کے اقتدار میں آنے سے قبل یہ 120 سے 150 ڈالر میں فروخت ہوتا تھا۔رواں ہفتے کے اوائل میں طالبان کی وزارت ٹرانسپورٹ نے ایک بیان جاری کیا تھا جس میں ایئرلائن کو کابل اسلام آباد کے لیے پروازوں کے ٹکٹوں کی مناسب فروخت کا کہا گیا تھا۔ وزارت نے تنبیہہ کی تھی کہ اگر ایسا نہ کیا گیا تو وہ کابل ایئرپورٹ سے فضائی آپریشن چلانے کی اجازت نہیں دیں گے۔پی آئی اے حکام نے اس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس نے طالبان کے غیر پیشہ ورانہ رویے کی وجہ سے کابل کے لیے پروازیں معطل کر دی ہیں۔