میدک۔ 25 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) کے زیر اہتمام دفتر انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ کے میٹنگ ہال میں ضلع میدک کے صحافیوں کے لئے ایک روزہ وارٹالپ ورکشاپ کا انعقاد عمل میں آیا۔ اس پروگرام کی وضاحت پاور وارٹالپ پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ کی گئی۔ اس ورکشاپ میں رکن پارلیمان میدک ایم رگھونندن راؤ نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ صحافیوں کو ایسی خبریں شائع کرنی چاہئے کہ وہ عوامی مسائل کا مستقل حل تلاش کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اقدار کے ساتھ صحافت سے معاشرہ کو فائدہ حاصل ہوگا۔ رگھونندن راؤ نے کہا کہ صحافی مرکزی و ریاستی حکومت کی جانب سے آغاز کردہ فلاحی اسکیموں کو عوام تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کرے اور صحافیوں کی جانب سے لکھی جانے والی ہر چیز غریبوں کے لئے مفید ہو۔ اس ورکشاپ سے کلکٹر ضلع راہول راج نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک اہم مقدس پیشہ ہے۔ انہیں چاہئے کہ حقیقی خبریں شائع کریں تاکہ سماج میں امتیازی سلوک، توہم پرستی، سماجی انتشار، ایس سی ایس ٹی مظالم سے متعلق قوانین سے آگاہ کیا جاسکے۔ اس ورکشاپ کو ڈپٹی ڈائرکٹر مانس کرشنا کانت، شیواچرن، یو سدھاکر ریڈی، نے بھی مخاطب کیا۔ اس موقع پر ڈی پی آر او رامچندر راجو بابو راؤ اور دیگر بھی موجود تھے۔