پی ایم سیکوریٹی ڈرامہ پنجاب میں صدرراج لگانے کا منصوبہ

,

   

Ferty9 Clinic

پنجاب اور پنجابیت کو بدنام کرنے کی گہری سازش رچی گئی ، ریاست کا ماحول بگاڑنے کی کوشش ، چیف منسٹر چرنجیت کا الزام

نئی دہلی : سکیوریٹی میں کوتاہی کے تنازعہ پر مرکزی حکومت پر جوابی حملہ کرتے ہوئے چیف منسٹر پنجاب چرنجیت سنگھ نے آج دعویٰ کیا کہ ریاست میں انتخابات سے قبل صدر راج نافذ کردینے کی گہری سازش رچائی جارہی ہے ۔ چہارشنبہ کو وزیراعظم نریندر مودی پنجاب کے دورہ پر تھے اور وہ فیروزپور میں متعدد پراجکٹس کا سنگ بنیاد رکھنے کیلئے جاتے ہوئے راستے میں مبینہ سیکوریٹی نقص کے سبب درمیان سے ہی لوٹ آئے ۔ ان کے قافلے کو تقریباً 20 منٹ ہائی وے پر روکنا پڑا ۔ چیف منسٹر نے این ڈی ٹی وی کو انٹرویو میں بتایا کہ پنجاب اور پنجابیت کو بدنام کرنے کی گہری سازش ہوئی ہے ۔ یہ ریاست میں صورتحال کو بگاڑنے کی کوشش ہی ہے ۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ پنجاب میں صدرراج لگانے کا منصوبہ پایا جاتا ہے ۔ پنجاب کی کانگریس حکومت کی چار ماہ قبل ذمہ داری سنبھالنے والے چرنجیت نے برہمی کے ساتھ کہا کہ مرکزی حکومت اور بی جے پی نے پنجاب اور پنجابیوں پر سنگین الزام عائد کیا اور ہمیں قاتلین کے طور پر پیش کیا ہے ۔ ہم قوم پرست لوگ ہیں ۔ ہم نے ملک کیلئے کئی جنگیں لڑی ہیں اور ہم میں سے کئی فرض نبھاتے ہوئے اپنی جان کی قربانی دے چکے ہیں ۔ میں پہلے ہی کہہ چکا ہوں کہ وزیراعظم کیلئے گولی نکلے تو وہ سب سے پہلے سامنے ہوں گے ۔ اس سے زیادہ مجھے اور کیا کرنا چاہئیے ۔ مارچ میں مقررہ پنجاب اسمبلی الیکشن کیلئے انتخابی مہم چلاتے ہوئے چرنجیت نے بی جے پی کے الزامات پر سخت ردعمل ظاہر کیا ، جس میں مرکز کی برسراقتدار پارٹی نے کہا ہے کہ وزیراعظم مودی کی زندگی کو قاتلانہ عزائم کا سامنا ہوا ہے ۔ چرنجیت نے کہا کہ ان کی جان کو خطرہ کیونکر تھا ؟ ان کے لگ بھگ ایک کیلو میٹر قریب تو کوئی نہ تھا ۔ کوئی پتھر نہیں پھینکا گیا ۔ کوئی گولی نہیں چلی ، کوئی نعرے بازی نہیں ہوئی ۔ آپ کہہ سکتے ہو کہ میں زندہ بچ آیا ۔ اس قدر قدآور لیڈر کی طرف سے ایسے ریمارک کی امید نہیں ہوتی ۔ عوام نے آپ کو ووٹ دے کر وزیراعظم بنایا ہے ، آپ کو چاہیے کہ ذمہ دارانہ بیانات دیں ۔ آپ کہہ رہے ہو کہ ہم ہمارے ہی وزیراعظم کو ہلاک کرنا چاہتے ہیں ۔ چرنجیت نے خود بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ چہارشنبہ کو جو کچھ پیش آیا اس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جھوٹی کہانی بنارہے ہیں کہ وزیراعظم مودی کا راستہ پنجاب کے فیروزآباد میں ریالی کے مقام سے تقریباً 30 کیلو میٹر دور احتجاجیوں نے روک دیا ۔ وزیراعظم ریالی کے مقام پر ہیلی کاپٹر کے ذریعہ پہنچنے والے تھے لیکن وہ خراب موسم کے سبب فضائی سفر نہیں کرسکے ۔ بھٹنڈا میں ایک فلائی اوور پر 15 تا 20 منٹ پھنسے رہنے کے بعد مودی نے اپنے پروگرام منسوخ کئے اور ایرپورٹ کو واپس ہوئے ۔ مرکز اور حکومت پنجاب دونوں نے چہارشنبہ کے واقعہ کی علحدہ تحقیقات شروع کردیئے ہیں اور سپریم کورٹ نے اس معاملہ میں کارروائی کی اپیل کے ساتھ داخل کردہ عرضیوں کو سماعت کیلئے قبول کیا ہے ۔ چیف منسٹر چرنجیت نے گزشتہ روز ہی دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم مودی نے اپنی ریالی میں عوام کی بہت کم تعداد کو چھپانے کیلئے سیکوریٹی میں کوتاہی کا بہانہ بنایا اور فیروزپور نہیں گئے ۔ وزیراعظم کے جلسہ گاہ میں 70,000 کرسیاں ڈالی گئی تھیں لیکن صرف 700 لوگ آئے ۔چیف منسٹر نے طنز کیا کہ بی جے پی قیادت کو حقیقت معلوم ہے لیکن بعض لوگ پی ایم کی زندگ کیلئے جاپ کررہے ہیں ۔