پی جے کورین کمیٹی کی آج حیدرآباد میں لوک سبھا امیدواروں سے ملاقات

   

حیدرآباد۔/10 جولائی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں لوک سبھا چناؤ میں کانگریس کے کمزور مظاہرے کی وجوہات کا جائزہ لینے کیلئے آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی جانب سے تشکیل شدہ تین رکنی کمیٹی آج رات حیدرآباد پہنچی۔ سینئر قائد پی جے کورین کی زیر قیادت کمیٹی میں آسام کے رکن پارلیمنٹ رقیب الحسین اور پرگت سنگھ شامل ہیں۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، اوڈیشہ، دہلی، اتراکھنڈ، ہماچل پردیش، کرناٹک اور تلنگانہ میں پارٹی کے کمزور مظاہرہ کی وجوہات کا پتہ چلانے کیلئے کمیٹیاں قائم کی ہیں۔ پی جے کورین اور ان کی ٹیم توقع ہے کہ کل11 جولائی کو چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کرے گی۔ اس کے علاوہ 17 لوک سبھا حلقوں کے پارٹی امیدواروں، لوک سبھا حلقہ جات کے انچارجس سے انفرادی طور پر ملاقات کرتے ہوئے انتخابی مہم کی تفصیلات حاصل کی جائیں گی۔ ہائی کمان نے 14 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی کا نشانہ مقرر کیا تھا تاہم صرف 8 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 8 نشستوں پر بی جے پی کی کامیابی کو بی آر ایس کی مدد کا نتیجہ قرار دیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان نے پارٹی کے امیدواروں سے پہلے ہی رپورٹ حاصل کرلی ہے جس میں انہوں نے انتخابی مہم میں حصہ لینے والے اور مہم سے دوری اختیار کرنے والے قائدین کی نشاندہی کردی ہے۔ توقع ہے کہ پی جے کورین کمیٹی دو یا تین دن حیدرآباد میں قیام کرے گی۔1