لاہور۔18 فروری (سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کرکٹ بورڈ نے معاہدے کی خلاف ورزی پر ہندوستانی پروڈکشن کمپنی آئی ایم جی ریلائنس کے خلاف قانونی کارروائی کے مختلف راستوں پر غور شروع کردیا ہے۔ پی سی بی اور ہندوستانی براڈ کاسٹ کمپنی کے ساتھ پاکستان سوپرلیگ 4 کے یو اے ای اور پاکستان میں مجوزہ تمام میچز دکھانے کا معاہدہ ہوا تھا۔ بورڈ حکام نے ہندوستانی کمپنی کے انکار کے بعد ہنگامی طور پر لیگ کے شارجہ سمیت دوسرے تمام مقامات پر ہونے والے میچز دکھانے کا بندوبست کرلیاہے۔ اس سلسلے میں دبئی میں ایک براڈ کاسٹ کمپنی سے معاملات کافی حد تک طے کرکے لاجسٹک انتظامات کو یقینی بنانے پر پیش رفت جاری ہے۔ ذرائع کے مطابق بورڈ حکام ہندوستانی کمپنی کے ساتھ ہونے والے معاہدے کی شرائط کا جائزہ لے رہے ہیں جس کے بعد ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ اس سلسلے میں وکلا سے بات چیت کے بعد باقاعدہ لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ دوسری جانب نئی کمپنی کے ساتھ معاہدے میں یہ شرط خاص طور پر شامل کی گئی ہے کہ وہ ہندوستانی کمپنی کی طرح دوران لیگ کوئی عمل نہیں کرے گی جس سے لیگ کی ساکھ پر حرف آئے۔