راج بھون میں 3:35 بجے حلف برداری تقریب، وفاداری پر چیف منسٹر کا انعام
حیدرآباد۔/23 اگسٹ، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے سی آر نے اسمبلی حلقہ تانڈور کے ٹکٹ کی دعویداری سے دستبرداری اختیار کرنے والے بی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل پی مہندر ریڈی کو وزارت کا تحفہ دیا ہے۔ 24 اگسٹ کو سہ پہر 3:35 بجے راج بھون میں حلف برداری تقریب کا انعقاد کیا جارہا ہے جس میں پی مہندر ریڈی بحیثیت وزیر حلف لیں گے۔ بی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ رنجیت ریڈی نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے اس کی اطلاع دی ہے اور پی مہندر ریڈی کو مبارکباد بھی دی ہے۔ واضح رہے کہ 2018 کے انتخابات میں کانگریس کے امیدوار پائیلٹ روہت ریڈی نے اس وقت کے وزیر ٹرانسپورٹ پی مہندر ریڈی کو شکست دی تھی اس کے بعد کانگریس کے دوسرے ارکان اسمبلی کے ساتھ پائیلٹ روہت ریڈی بی آر ایس میں شامل ہوگئے تھے۔ بعد میں چیف منسٹر نے پی مہندر ریڈی کو کونسل کا رکن بنایا تھا تب سے دونوں کے درمیان سرد جنگ جاری تھی۔ آخری لمحہ تک پی مہندر ریڈی ٹکٹ پر اپنی مضبوط دعویداری پیش کررہے تھے اور ان کی کانگریس سے رابطہ میں آنے کی اطلاع عام ہونے کے بعد چیف منسٹر کے سی آر نے پی مہندر ریڈی اور پائیلٹ روہت ریڈی کو پرگتی بھون طلب کیا اور دنوں میں صلح کرائی۔ ٹکٹ روہت ریڈی کو دینے اور کابینہ میں پی مہندر ریڈی کو شامل کرنے کی پیشکش کی جس کو پی مہندر ریڈی نے قبول کرلیا اور روہت ریڈی کو جتانے میں تعاون کرنے کا وعدہ کیا۔ چیف منسٹر جب امیدواروں کا اعلان کررہے تھے اس وقت بھی پی مہندر ریڈی تلنگانہ بھون میں موجود تھے۔ ایٹالہ راجندر کو کابینہ سے برطرف کرنے کے بعد کابینہ میں ایک وزیر کی نشست خالی ہوئی ہے اُسی جگہ پر پی مہندر ریڈی کو شامل کیا جارہا ہے۔ انہیں کونسا قلمدان دیا جارہا ہے اس کی ابھی تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ن
