پی ٹی آئی مخصوص پارلیمانی نشستوں کیحق دار ہے: سپریم کورٹ

   

اسلام آباد : عدالتی فیصلے کے نتیجے میں حکمران اتحاد کو قومی اسمبلی میں حاصل دو تہائی اکثریت ختم ہو گئی۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں نے عدالتی فیصلے کو حق اور سچ کی فتح قرار دیا ہے۔ پاکستان میں سپریم کورٹ نے قومی اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ سے متعلق الیکشن کمیشن آف پاکستان کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) ہی مخصوص نشستوں کی حقدار ہے۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے فل بینچ نے آج جمعہ 12 جولائی کو مخصوص نشستوں کے معاملے پر سنی اتحاد کونسل کی جانب سے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل پر محفوظ فیصلہ سنایا۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کے فیصلے کو آئین سے متصادم قرار دیا اور کہا کہ پی ٹی آئی کے منتخب امیدواروں کو کسی اور جماعت کا رکن قرار نہیں دیا جا سکتا۔ سپریم کورٹ کے اس فیصلے پر 13 رکنی بینچ میں شامل ججوں کی رائے تاہم منقسم رہی اور آٹھ ججوں نے اس کی حمایت جبکہ چیف جسٹس قاضی فائز عیسی سمیت پانچ ججوں نے اس فیصلے کی مخالفت کی۔ تاہم اس طرح کے فیصلے کو قانون کے تحت اکثریتی اور حتمی فیصلہ سمجھا جاتا ہے۔یاد رہے کہ جاریہ سال پاکستان میں ہوئے انتخابات تنازعہ کا شکار ہوچکے ہیں جس پر امریکہ نے بھی اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے الیکشن کے شفاف ہونے کی پوری رپورٹ طلب کی تھی۔