مائی گیسٹ ٹرسٹ کے سروے میں انکشاف، کوچی کو دوسرا اور چینائی کو تیسرا مقام
حیدرآباد۔ 31 ۔ اگست (سیاست نیوز)رشتوں کو اخلاص ، پیار ، محبت ایثار و قربانیوں سے نبھانے کے معاملے میں حیدرآبادی سارے ملک میں سرفہرست ہیں۔ یہاں تک کہ کورونا بحران کے دوران کئی لوگوں میں تنہائی اور بے چینی بڑھ گئی تھی ۔ اس بحران میں بھی حیدرآبادی عوام اپنے دوست احباب، رشتہ داروں اور پڑوسیوں کی مدد کرنے کیلئے پیش پیش رہے ہیں اور کورونا متاثرین کی بھرپور مدد کی ہے یا لاک ڈاون کی وجہ سے تجارت و کاروبار مفلوج ہونے سے پریشان رہنے والے عوام کے کھانے پینے کے علاوہ مالی مدد کرتے ہوئے انسانی ہمدردی کی مثال پیش کی ہے ۔ مائی گیسٹ ٹرسٹ سرکل کی جانب سے کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے۔ شہر حیدرآباد کے صد فیصد عوام اس بات پر یقین رکھتے ہیں کہ ذہنی تناؤ اور اضطراب کی کیفیت کو صرف روحانی رشتہ کے ذریعہ ہی دور کیا جاسکتا ہے ۔ شہر کوچی کے 74.55 فیصد اور چینائی کے 60 فیصد عوام ایسے نظر یات سے اتفاق کرتے ہیں۔ اس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا کی وجہ سے 80 فیصد عوام ذہنی معذور ہوگئے تھے۔ لاک ڈاؤن کے دوران حیدر آبادی عوام اپنے واچ مین ، ڈیلیوریز بوائز اور گھر کے کام کاج کرنے والے غریب عوام سے انتہائی محبت اور ہمدردی سے پیش آئے ہیں ۔ ا ن کی ہر طرح سے مدد کی ہے ، یہی نہیں پڑوسیوں کا بھی خیال رکھا ہے ۔ حیدرآباد میں 39.11 فیصد ایسے افراد ہیں جنہیں اپنے گھر کے قفل کی کنجیاں اپنے سیکوریٹی گارڈ کو دینے کے معاملے میں کوئی اعتراض نہیں ہے ۔ شہر بنگلور کے سیکوریٹی گارڈس کی کورونا بحران کے دوران مدد کرنے والوں میں شہر بنگلور کے بعد حیدرآباد دوسرے نمبر پر رہا ہے ۔ مائی گیسٹ ٹرسٹ کے سی ای او معاون بانی ابھیشک کمار نے بتایا کہ مصیبت کے وقت مدد کرنے کے معاملے میں جنوبی ہند میں حیدرآباد کے عوام سرفہرست ہیں۔ N