15 تا 20 روپئے فی کیلو پیاز کی فروخت ، اپریل کے اواخر تک قیمت مزید کم ہونے کا امکان
حیدرآباد۔ 21 اپریل (سیاست نیوز) پیاز کی قیمت میں آہستہ آہستہ کمی آرہی ہے۔ مقامی طور پر پیدا ہونے والی پیاز مارکٹ میں آنے کی وجہ سے قیمتوں میں کمی آرہی ہے۔ حیدرآباد کی ملک پیٹ ہول سیل مارکٹ میں 1200 روپئے فی کنٹل قیمت گھٹ کر 500 تا 300 روپئے فی کنٹل تک ہوگئی ہے۔ عام مارکٹ میں 15 تا 20 روپئے فی کیلو پیاز فروخت ہورہی ہے۔ واضح رہے کہ مارچ کے مہینے میں فی کنٹل پیاز کی قیمت 2800 روپئے سے 3500 روپئے تک فروخت ہوئی ہے، گزشتہ ماہ کے مقابلے میں رواں ماہ پیاز کی قیمت میں بھاری کمی واقع ہوئی ہے۔ تاجرین کے مطابق مارکٹ میں ڈیمانڈ سے زیادہ پیاز دستیاب ہونے کے سبب قیمت میں کمی آئی ہے۔ گزشتہ ماہ 40 تا 50 روپئے فی کیلو پیاز فروخت ہوئی تھی۔ ہم زیادہ تر مہاراشٹرا اور کرنول سے پیاز درآمد کرتے تھے لیکن ضلع وقارآباد کے تانڈور، ضلع میدک کے نارائن کھیڑ، ضلع محبوب نگر کے کلا پور اور عالم پور، ضلع نلگنڈہ کے علاوہ دیگر علاقوں میں 40 ہزار ایکر اراضی پر پیاز کی پیداوار ہورہی ہے جس کی وجہ سے حیدرآباد کو روزانہ 15 تا 18 ہزار کنٹل پیاز پہنچ رہی ہے۔ مرکزی حکومت نے پیاز پر 20% ایکسپورٹ ٹیکس سے دستبرداری اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ بھی ایک سبب ہے کہ پیاز کی قیمت کم ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر تک پیاز کی قیمت میں مزید کمی آنے کا امکان ہے۔2