حیدرآباد ۔ 9 ۔ دسمبر : ( این ایس ایس) : ریاست میں پیاز کی آسمان کو چھوتی قیمتوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے تلنگانہ کے وزیر زراعت ایس نرنجن ریڈی نے آج متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ گرما میں پیاز اور ترکاریوں کی کاشت کے لیے کسانوں کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں اس کی ترغیب دی جائے ۔ وزیر زراعت نے عہدیداروں سے کہا کہ ترکاریوں کی کاشت اور متبادل فصلوں کے لیے سبسیڈی دی جائے تاکہ کسانوں کو فائدہ ہو ۔ ایک جائزہ اجلاس میں وزیر موصوف نے کہا کہ کسانوں کو موسم گرما میں ترکاریوں کی کاشت کرتے ہوئے فوائد حاصل کرنے چاہئے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اچانک دورہ کرتے ہوئے کسانوں سے کپاس کے حصول کو پوری طرح یقینی بنائیں ۔ انہوں نے متعلقہ عہدیداروں کو اس بات کی بھی ہدایت دی کہ ترکاریوں کی کاشت کے لیے کسانوں کی مدد کی جائے ۔ انہوں نے انتباہ دیا کہ کپاس کی خریدی یا سبسیڈی کے ذریعہ کسانوں کو دی جانے والی مدد میں اگر کوئی بے قاعدگیاں اور بدعنوانیاں پائی گئیں تو سخت کارروائی کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پنڈال کاشت کاری کے لیے 90 فیصد سبسیڈی دی جائے گی ۔ یہ سبسیڈی ہاف اسکرین سے ایک ایکڑ تک دی جائے گی ۔ انہوں نے عہدیداروں سے مزید کہا کہ فصلوں کے لیے یوریا اور فرٹیلائزرس کے استعمال پر بیداری پیدا کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک ایکڑ دھان کی کاشت کے لیے صرف 40 کلو گرام یوریا استعمال کیا جاسکتاہے ۔۔