پیرا ایتھلیٹ چراغ تیاگی کی موت کی تحقیقات شروع

   

نئی دہلی، 31 مئی (آئی اے این ایس) قومی سطح کے پیرا ایتھلیٹ چراغ تیاگی کی مشتبہ حالات میں موت نے کھیلوں کی دنیا اور اتر پردیش کے ضلع غازی آباد میں سنسنی پھیلا دی ہے۔ ان کی لاش کوتوالی تھانہ علاقے کے سائی اْپون میں ملی، جس کے بعد پولیس نے معاملے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ پولیس حکام کے مطابق لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے اور موت کی اصل وجہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے۔اطلاعات کے مطابق چراغ تیاگی دہلی میں واقع اپنے ہاسٹل سے آبائی گاؤں بسنت پور سینتھلی، مراد نگر جانے کے لیے روانہ ہوئے تھے، لیکن بعد میں ان کی لاش سائی اْپون کے علاقے سے ملی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور فارنسک ماہرین موقع پر پہنچ گئے اور شواہد جمع کیے۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (سٹی) دھول جیسوال نے بتایا کہ دوپہر تقریباً تین بجے پولیس کو اطلاع ملی کہ سائی کنج علاقے میں ایک شخص کی لاش پڑی ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد متوفی کی شناخت قومی پیرا ایتھلیٹ چراغ تیاگی کے طور پر ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ ابتدائی شواہد کی بنیاد پر یہ معاملہ قتل کا معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی نتیجہ پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد ہی سامنے آئے گا۔ کوتوالی تھانے کے انچارج سچن کمار کے مطابق ابتدائی معائنے میں چراغ تیاگی کی پیٹھ پر سوراخ نما زخم پایا گیا ہے۔پولیس کو رپورٹ کا انتظار ہے ۔