پیرس : فرانسیسی دارالحکومت پیرس میں دہشت گردی کے خونریز حملوں کے چھ برس بعد آج آٹھ ستمبر سے بیس ملزمان کے خلاف عدالتی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اِن ملزمان میں ایک واحد زندہ مبینہ حملہ آور صالح عبدالسلام بھی شامل ہے۔ مراکشی نڑاد فرانسیسی صالح عبدالسلام کی مسلم دہشت گرد گروہ سے وابستگی بتائی گئی ہے۔ نومبر 2015ء میں پیرس کے باتاکلاں تھیٹر، اسٹریٹ کیفے، اور ایک فٹ بال اسٹیڈیم میں حملے کیے گئے تھے۔ ان خونریز کارروائیوں میں مجموعی طور پر130افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوئے تھے۔ آئندہ برس مئی تک اس عدالتی کارروائی کے فیصلے کی توقع کی جارہی ہے۔