لاطینی امریکی ملک پیرو میں کورونا ویکسین اسکینڈل وسعت اختیار کرتا جا رہا ہے اور اب ملکی وزیر خارجہ بھی مستعفی ہو گئی ہیں۔ اس ملک میں متعدد حکومتی سیاستدانوں پر الزام ہے کہ انہوں نے طبی عملے اور عوام کو کورونا ویکسین لگانے کی مہم شروع ہونے سے پہلے ہی خفیہ طور پر خود ویکسین لگوا لی تھی۔ خاتون وزیر خارجہ ایلزابتھ اسٹیٹے کا مستعفی ہوتے ہوئے ٹویٹر پر کہنا تھا کہ وہ ایک بڑی غلطی کی مرتکب ہوئی ہیں۔ قبل ازیں جمعہ کے روز اس ملک کے وزیر صحت بھی مستعفی ہو گئے تھے۔ پیرو میں گزشتہ منگل کے روز طبی عملے کو ویکسین لگانے کے عمل کا آغاز کیا گیا ہے۔
