پیس فیسٹ 2019 مقابلہ میں ٹمریز طلبہ کا شاندار مظاہرہ

   

15انعامات حاصل کرنے میں کامیاب ، سکریٹری جناب شفیع اللہ کا اظہار خوشنودی
حیدرآباد۔25ستمبر ( سیاست نیوز) تلنگانہ میناریٹیز ریسیڈنشیل ایجوکیشنل انسٹی ٹیوشن سوسائٹی ( ٹمریز) کے طلبہ نے شہر میں منعقدہ انٹر اسکول مقابلہ میں شاندار مظاہرہ کیا ہے ۔ یہ بات سکریٹری سوسائٹی جناب بی شفیع اللہ نے بتائی اور کہا کہ پیس فیسٹ 2019ء میں ٹمریز اسکول کے طلبہ نے کانونٹ اسکول کے طلبہ کے طرز پر شاندار مقابلہ کر کے ایک ریکارڈ قائم کیاہے ۔ یہ مقابلے ہری کرشنا موؤمنٹ نے روٹری کلب آف اسمارٹ حیدرآباد کے تعاون و اشتراک سے گلوبل پیس اینڈ کانفلیکٹ ریزولوشن کے تعلیم پر منعقد کیا گیا تھا ۔ اس مقابلہ میں سرکاری اور خانگی سطح کے اسکولس سے تقریباً ایک ہزار 20طلبہ نے انٹرنیشنل پیس ڈے کے موقع پر 21ستمبر کو منعقدہ مقابلے مضمون نویسی ، پوسٹر میکنگ اور دیگر مقابلہ جات میں حصہ لیا ۔ جملہ 24 انعامات میں سے 15 انعامات کو ٹمریز کے طلبہ نے حاصل کرنے میں کامیاب رہے ۔ نتائج کی اجرائی کے بعد ٹمریز اسکول کے طلبہ کی غیر معمولی ذہانت پر عہدیداروں نے بھی خوب ستائش کی ۔ تقسیم انعامات تقریب میں اہم شخصیتیں شریک تھیں ۔ سکریٹری سوسائٹی جناب شفیع اللہ نے ٹمریز کے طلبہ کے شاندار مظاہرہ پرمبارکباد پیش کیا اور تابناک مستقبل کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔