نئی دہلی : آل انڈیا مسلم مجلس مشاورت نے نام نہاد سوامی یتی نرسنگھانند کی پیغمبر اسلامؐ کی شان میں گستاخی کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس بدزبان شخص نے جو گستاخانہ کلمات کہے ہیں وہ اس کی بدترین اشتعال انگیزی اور ناقابل برداشت حرکت ہے ۔ آج یہاں جاری ایک ریلیز میں صدر مشاورت فیروز احمد ایڈوکیٹ نے کہا کہ حکومت کو چاہیے کہ ایسے بدزبان شخص کو بلاتاخیر گرفتار کرے اور مقدمہ چلاکر سزا دے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کو آزاد چھوڑنا خطرناک ہے ۔ کسی مہذب معاشرے میں اس کی کوئی جگہ نہیں ہوسکتی۔ ایسے بدزبان شخص کی جگہ جیل ہے ۔یہ شخص بار بار ملک کے کروڑوں باشندوں کی دل آزاری کر رہا ہے اور اس کی حرکتوں سے ملک کا امن وامان خطرے میں ہے ۔ صدر مشاورت نے کہا کہ مسلمان ایک خدا پر ایمان رکھتے ہیں اور مورتی پوجا اسلام میں بدترین گناہ ہے۔