ہوسٹن ۔ 18 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہوسٹن کے ایک علاقہ میں واقع پیٹرو کیمیکلس ٹرمنل میں آگ لگنے سے قریب میں رہائش پذیر لوگوں سے خواہش کی گئی ہیکہ وہ اپنے مکانات کے اندر ہی رہیں۔ اتوار کی صبح انٹر کانٹینیٹل ٹرمنلس کمپنی موقوعہ ڈیرپارک میں آگ لگی تھی جو یہاں سے 24 کیلو میٹر جنوب مشرق میں واقع ہے جبکہ اتوار کو دن بھر اور رات بھر آگ کا سلسلہ جاری رہا جس کے بعد ڈیرپارک کے عہدیداروں نے ایک ہدایت نامہ جاری کرتے ہوئے رہائشی مکانات کے مکینوں سے اپنے اپنے مکانات میں ہی رہنے کی خواہش کی۔ تازہ ترین اطلاع کے مطابق آگ کو جھاگ کے ذریعہ بجھانے کی کوششیں جاری ہیں۔ دریں اثناء ہیریس کاؤنٹی عہدیداروں نے بتایا کہ آگ اس ٹرمنل سے شروع ہوئی جہاں پیٹرو کیمیکل سیال اور گیاسس کا ذخیرہ رہتا ہے جن میں فیول آئیل اور بنکر آئیل بھی شامل ہے۔ کمپنی کی ویب سائٹ کے مطابق کمپنی میں 13.1 بلین بیارلس ذخیرہ رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔ پیٹرو کیمیکلس تنصیبات میں گذشتہ دو روز میں آگ لگنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے جبکہ ہفتہ کے روز قریب میں واقع بے ٹاؤن کے ایگزان موبیل پلانٹ میں جو آگ لگی تھی اس پر بھی قابو پا لیا گیا ہے۔