ہندوستان، ایران اور ازبکستان کے درمیان پیر کو مذاکرات
نئی دہلی : چابہار بندرگاہ کے مشترکہ استعمال کیلئے پہلی مرتبہ ہندوستان، ایران اور ازبکستان کے درمیان پیر کو سہ رخی بات چیت ہوگی۔ یہ بندرگاہ مرکزی ایشیاء کے رابطے کے لئے کافی اہمیت کی حامل ہوگئی ہے۔ ہندوستان کی مرکزی وزارت خارجہ کی جانب سے تینوں ممالک کے درمیان اجلاس کا آج اعلان کیا گیا۔ وزارت خارجی اُمور نے بتایا کہ 14 ڈسمبر کو تینوں ممالک کے ورکنگ گروپ کا ورچول اجلاس ہوگا۔ ہندوستان، افغانستان اور ایران نے تینوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے لئے اِس بندرگاہ کو ترقی دی تھی۔ ایران کے جنوبی ساحل پر سستان ۔ بلوچستان صوبہ کے ساحل پر واقع اِس بندرگاہ تک ہندوستان کے مغربی ساحل سے رسائی بہ آسانی ہوتی ہے۔ ہندوستان نے چابہار بندرگاہ کے استعمال میں ازبکستان کی دلچسپی کا خیرمقدم کیا ہے جس سے خطہ میں تجارت اور معاشی فروغ کے مواقع میں اضافہ ہوگا۔ وزارت خارجی اُمور نے بتایا کہ ازبکستان کے علاوہ وسطی ایشیاء کے دیگر ممالک نے بھی اِس بندرگاہ کے استعمال میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔ ہندوستان اِس ضمن میں علاقائی ممالک کے ساتھ قریبی تعلقات قائم کرنے میں تعاون کرنے کا خواہاں ہے۔