چار اسمبلی حلقہ جات میں دلت بندھو اسکیم کو توسیع

   

چیف منسٹر کے سی آر کا فیصلہ، دہلی سے واپسی کے بعد جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے دلت بندھو اسکیم کو درج فہرست اقوام کے لئے محفوظ چار اسمبلی حلقہ جات میں توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ دلت ارکان اسمبلی کی نمائندگی پر چار اسمبلی حلقوں کے چار منڈلوں کا انتخاب کیا گیا جن کا تعلق ریاست کے شمال ، مشرق ، مغرب اورجنوبی علاقوں سے ہے۔ حکومت نے دلت بندھو اسکیم کو ایک تحریک کے طور پر شروع کیا ہے اور پائلٹ پراجکٹ کی ابتداء حضور آباد اسمبلی حلقہ سے کی گئی ہے ۔ چیف منسٹر نے دلتوں کے جذبات ان کی ضروریات اور اسکیم سے متعلق پیچیدگیوں کو تفصیل سے سمجھنے اور ان پر غور و خوض کا فیصلہ کیا ہے۔ چار اسمبلی حلقہ جات کے منتخب کردہ چار منڈلوں کے تمام دلت خاندانوں کے لئے اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی ۔ ضلع کھمم کے مدرا اسمبلی حلقہ میں چنتاکانی منڈل کا اسکیم کے لئے انتخاب کیا گیا۔ تنگاترتی اسمبلی حلقہ کے ترملگری منڈل ، اچم پیٹ ضلع ناگر کرنول کے چارا گنڈہ منڈل اور کاما ریڈی ضلع کے جکل اسمبلی حلقہ کے نظام ساگر منڈل میں دلت خاندانوں کیلئے اسکیم پر عمل آوری کی جائے گی ۔ چیف منسٹر نے اسکیم پر عمل آوری کیلئے دہلی سے واپسی کے بعد حیدرآباد میں وزراء ، ارکان اسمبلی اور ضلع کلکٹرس کے ساتھ اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ چیف منسٹر نے چاروں منڈلوں میں اسکیم پر موثر عمل آوری کو یقینی بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ R