حیدرآباد ۔ 19 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش میں پیش آئے ایک دلخراش واقعہ میں چار بچے کار میں دم گھٹنے سے فوت ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق، تمام بچے 10 سال سے کم عمر کے تھے اور کھیلتے کھیلتے ایک پارک کار میں جا بیٹھے۔ بدقسمتی سے کار کے دروازے اندر سے بند ہو گئے اور بچے اس میں پھنس گئے۔ جب وہ طویل وقت تک واپس نہ آئے تو والدین نے ان کی تلاش شروع کی۔ بعد ازاں بچوں کی لاشیں مقامی مہیلا منڈلی آفس کے قریب کھڑی کار سے برآمد ہوئیں۔ مہلوک بچوں کے نام اُدے (8)، چارومتی (8)، چریشما (6)، اور مناسوی (6) بتائے گئے ہیں۔ چارومتی اور چریشما بہنیں تھیں، جبکہ باقی دو ان کے دوست تھے۔ واقعے کے بعد پورا گاؤں سوگ میں ڈوب گیا۔ یہ تلگو ریاستوں میں ایک ماہ کے دوران دوسرا واقعہ ہے۔ گزشتہ ماہ تلنگانہ رنگا ریڈی میں دو بچیاں کار میں دم گھٹنے سے فوت ہوئی تھیں۔ دماراگڈہ گاؤں میں چار اور پانچ سال کی دو کزن ایک شادی میں شرکت کے دوران کھیلتے ہوئے کار میں جا بیٹھیں۔ دروازے لاک ہو گئے اور وہ دم گھٹنے سے چل بسیں۔ش