حیدرآباد۔9 ۔جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ میں نئے راشن کارڈس کی اجرائی میں تاخیر کا امکان ہے کیونکہ محکمہ سیول سپلائیز نے زیر التواء لاکھوں درخواستوں کی جانچ کے لئے اسٹاف دستیاب نہیں ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چار لاکھ 15 ہزار 901 درخواستیں نئے راشن کارڈ کیلئے داخل کی گئیں۔ محکمہ سیول سپلائیز کے عہدیدار ان میں سے بہت کم درخواستوں کی جانچ کا کام انجام دے سکیں ہیں۔ حکومت نے پیر سے راشن کارڈس جاری کرنے کا فیصلہ کیا تھا لیکن موجودہ صورتحال میں یہ مزید دو ہفتوں تک ممکن دکھائی نہیں دیتا۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ حقیقی مستحق افراد کا پتہ چلاکر ترجیحی بنیادوں پر راشن کارڈ جاری کریں۔ چیف منسٹر کی ہدایت تھی کہ اندرون 15 یوم درخواستوںکی جانچ مکمل کرلی جائے ۔ وزیر سیول سپلائیز گنگولا کملاکر کی قیادت میں کابینی سب کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو راشن کارڈس کی اجرائی کا جائزہ لے رہی ہے۔ سیول سپلائیز کے علاوہ ریونیو اور جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں کو درخواستوں کی جانچ کے لئے متعین کیا گیا ہے۔ عہدیداروں کے مطابق چار لاکھ سے زائد درخواستوں کی جانچ کیلئے مزید 15 تا 20 دن درکار ہوں گے ۔