نیویارک: اقوام متحدہ کی ایجنسی نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے غیرقانونی طور پر مقیم تارکین وطن کو ملک چھوڑنے کا حکم دینے کے بعد چار ماہ میں پانچ لاکھ سے زیادہ افغان شہری چلے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مائیگریشن ایجنسی کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق 15 ستمبر 2023 سے 13 جنوری 2024 کے درمیان پانچ لاکھ دو سو افغانوں نے پاکستان چھوڑا۔ یکم نومبر کو ملک چھوڑنے کی ڈیڈ لائن کے بعد زیادہ تر لوگ سرحد پر پہنچ گئے۔ پاکستانی حکام کے مطابق 17 لاکھ افغان باشندے پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہ رہے تھے۔آئی او ایم کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’یکم نومبر کے بعد سے سرحد کو عبور کرنے والے افراد کی تعداد میں مسلسل کمی آئی ہے، لیکن یہ تعداد 15 ستمبر سے پہلے کے مقابلے میں اب بھی زیادہ ہے جب ملک چھوڑنے کا حکم نہیں دیا گیا تھا۔‘