چار ڈاکٹرس اور عملہ کے دیگر ارکان کورونا پازیٹیو

   

دہلی ایمس کی ایڈوائزری جاری ، عملہ کیلئے ماسک لازمی
نئی دہلی : آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) کے ایک سینئر فیاکلیٹی ممبر بشمول چار ڈاکٹرس اور عملہ کے دیگر ارکان کے کورونا پازیٹیو پائے جانے کے بعد انتظامیہ نے اپنے ملازمین کے لیے کورونا وائرس سے متعلق ایڈوائزری جاری کی ہے۔دہلی ایمس نے اسپتال کے تمام ملازمین کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا ہے۔ چہارشنبہ کو جاری کردہ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ تمام ملازمین کو کام کی جگہ پر چہرے کے ماسک / سرجیکل ماسک پہننا ہوں گے۔ ہجوم والی جگہوں سے گریز کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ایمس انتظامیہ نے ایڈوائزری میں ملازمین سے کہا ہے کہ وہ کینٹین میں جمع ہونے سے گریز کریں۔ ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ دفتر میں کسی بھی جگہ پانچ یا اس سے زیادہ لوگ جمع نہ ہوں۔ اگر کوئی ملازم بیمار محسوس کر رہا ہے، تو اس کے رپورٹنگ افسران کو فوراً مطلع کریں اور کام کی جگہ پر نہ آئیں۔ ایسے ملازمین کو گھر میں قرنطینہ میں رہنے کے لیے کہا گیا ہے۔تمام ملازمین جو زیادہ خطرے میں ہیں جیسے حاملہ، بوڑھے ملازمین کو اضافی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ دراصل یہ ایڈوائزری دہلی ایمس میں کئی ملازمین کے کورونا سے متاثر ہونے کے بعد جاری کی گئی ہے۔