حیدرآباد 28اکتوبر(یواین آئی) خواتین کو معاشی طور پر خود مکتفی ہونا چاہیے ، اسی اصول پر عمل کرتے ہوئے تلنگانہ کے ہنمکنڈہ ضلع کی ایک باہمت خاتون نے زبردست کامیابی حاصل کی ہے ۔ اس نوجوان خاتون نے نجی ملازمتوں سے آغاز کرکے ایک، دو نہیں بلکہ چار سرکاری ملازمتیں حاصل کیں اور حال ہی میں گروپ-1امتحانات میں شاندار کارکردگی دکھا کر منڈل پریشد ڈیولپمنٹ آفیسر(ایم پی ڈی او) کے عہدہ کے لئے منتخب ہوئیں۔ شادی، خاندان یا بچوں نے ان کے خوابوں میں رکاوٹ نہیں ڈالی۔ یہ ہے ادویتا نامی خاتون کی کامیابی کی کہانی۔ تلنگانہ کے ہنمکنڈہ سے تعلق رکھنے والی سدانندم اور پدما کی بڑی بیٹی ادویتا نے 2011 میں کاکتیہ یونیورسٹی سے انٹیگریٹڈ کیمسٹری میں ڈگری مکمل کی۔ 2012 میں ایک ایم این سی میں انہوں نے ملازمت حاصل کی۔ 2015 میں ان کی شادی ہوئی۔ ان کے شوہر مدھو فی الحال حیدرآباد کے رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ میں ایس آئی ہیں۔