میئر بی رام موہن نے جائزہ لیا، صفائی عملے اور ڈاکٹرس کی خدمات کی ستائش
حیدرآباد۔ 24 اپریل (سیاست نیوز) میئر حیدرآباد بی رام موہن نے کہا کہ حیدرآباد میں کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کئی قدم اٹھارہے ہیں۔ وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے گریٹر حیدرآباد کے حدود میں جراثیم کش ادویات کا چھڑکائو کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شہری کی ذمہ داری ہے کہ وہ حکومت کے اقدامات میں تعاون کرے۔ میئر حیدرآباد میں آج کمشنر جی ایچ ایم سی لوکیش کمار رکن اسمبلی ممتاز احمد خان اور مقامی عوامی نمائندوں اور عہدیداروں کے ہمراہ تاریخی چارمینار کا دورہ کرتے ہوئے صحت و صفائی اور جراثیم کش ادویات کے چھڑکائو کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اس موقع پر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے صفائی، دیگر عملے کی کارکردگی کی ستائش کی اور ان سے اظہار تشکر کیا۔ چارمینار کے دامن میں اس بات کا عہد لیا گیا کہ کورونا وائرس کے خلاف لڑائی میں ہمیں بھرپور حصہ لینا ہے اور حکومت سے تعاون کرنا ہے۔ میئر حیدرآباد نے بتایا کہ جی ایچ ایم سی میں 25 ہزار سینیٹائزیشن کا عملہ اپنے خاندان کو چھوڑکر کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں شامل ہے۔ اپنی جان پر کھیلتے ہوئے یہ عملہ جراثیم کش ادویا کا چھڑکائو کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ڈاکٹرس، نرسنگ اسٹاف اور دیگر عملہ کورونا پازیٹیو کیسس کے علاج میں مصروف ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے ڈاکٹرس اور نرسس کے علاوہ پیرامیڈیکل اسٹاف کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کی ذمہ داری ہے کہ وہ ڈاکٹرس اور طبی عملہ کی حوصلہ افزائی کرے۔ انہوں نے کہا کہ وباء کی اس نازک گھڑی میں ڈاکٹرس کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ دیگر ممالک میں عوام سڑکوں پر نکل کر ڈاکٹرس کی ستائش کررہے ہیں۔ انہوں نے جی ایچ ایم سی، پولیس اور محکمہ صحت سے مکمل تعاون کرنے عوام سے اپیل کی۔ حکومت کے اقدامات کے بارے میں عوام میں شعور بیداری کی ضرورت ہے اور عوام کو چاہئے کہ وہ لاک ڈائون پر سختی سے عمل پیرا ہوں۔ جراثیم کش ادویا کے چھڑکائو کے ذریعہ آبادیوں میں کورونا کو پھیلنے سے روکنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ پرنسپل سکریٹری میونسپل ایڈمنسٹریشن اروند کمار نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے چیف منسٹر اور ریاستی وزیر کے ٹی آر کے اقدامات کا ذکر کیا۔ کمشنر جی ایچ ایم سی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ لاک ڈائون کی سختی سے پابندی کریں۔ لاک ڈائون اور تحدیدات عوام کی بھلائی میں ہیں۔
