عدالت کی اجازت ‘ سخت شرائط بھی نافذ کردئے
حیدرآباد۔ 21 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ ہائی کورٹ نے چارمینار کے دامن میں 23 ستمبر کو سخت شرائط کے ساتھ بتکماں فیسٹیول کی اجازت دی ۔ اجازت کے سلسلہ میں بی جے پی سے درخواست دائر کی گئی جس پر جسٹس این وی شراون کمار نے مشروط اجازت دی ہے۔ تاریخی چارمینار کے دامن میں مندر کے قریب 23 ستمبر کو بتکماں فیسٹیول منایا جائے گا جس میں عدالت کے احکام کے مطابق 100 خواتین شرکت کریں گی اور ان میں کسی کا بھی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہونا چاہئے۔ عدالت نے منتظمین کو ہدایت دی کہ اس پروگرام میں اہم شخصیتوں کو مدعو نہ کریں۔ بی جے پی تلنگانہ سکریٹری ڈاکٹر اوما شنکر نے پولیس سے اجازت سے انکار پر ہائی کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ۔ اے سی پی چارمینار نے علاقہ کی حساسیت کے پیش نظر فیسٹیول کے انعقاد کی اجازت نہیں دی تھی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ اکتوبر 2024 میں بعض شرائط کے ساتھ بتکماں کی اجازت اسی مقام پر دی گئی تھی۔ سرکاری وکیل نے اے سی پی کے فیصلے کو درست قرار دیا اور کہا کہ چارمینار کے دامن میں بتکماں سے امن و ضبط متاثر ہوسکتا ہے اور سیاحوں کو دشواری ہوگی۔ انہوں نے اندیشہ ظاہر کیا کہ بڑی تعداد میں خواتین کی شرکت سے صورتحال بگڑسکتی ہے۔ سرکاری وکیل نے عدالت کے استفسار پر بتایا کہ گزشتہ سال کی تقاریب میں کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا۔ سماعت کے بعد ہائی کورٹ نے 23 ستمبر کو شام 5 تا 5:30 بجے بتکماں فیسٹیول کے انعقاد کی اجازت دی۔ عدالت نے پابند کیا کہ تقریب کے دوران نغمیں گانے اور سیاسی بیانات سے گریز کیا جائے۔ عدالت نے پولیس کو اختیار دیا ہے کہ شرائط کی خلاف ورزی کی صورت میں منتظمین کے خلاف کارروائی کی جاسکتی ہے۔ 1