حیدرآباد۔26۔جون(سیاست نیوز) تاریخی چارمینار کے دامن میں ٹھیلہ بنڈیوں اور چھوٹے تاجرین کو روکنے کے لئے پولیس کی جانب سے کھڑی کی گئی رکاوٹوں کے نتیجہ میں سیاحوں اورمقامی عوام کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے کیونکہ ان رکاوٹوں کے بعد سڑک پر چلنے والوں کے لئے راستہ بھی باقی نہیں رہا ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد اور حکومت کی جانب سے چارمینار کے اطراف و اکناف کے علاقہ کو پیدل راہروؤں کے لئے بنانے کے اقدامات کئے گئے تھے لیکن اب تاریخی چارمینار کے دامن میں جو صورتحال ہے اس سے نہ صرف مقامی تاجرین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے بلکہ سیاحوں اور دیگر پیدل گذرنے والوں کے لئے بھی کوئی راستہ نہیں رہا اور نہ ہی تاریخی مکہ مسجد میں نماز کیلئے پہنچنے والوں کے لئے راستہ کی گنجائش باقی رہی ۔ بتایاجاتا ہے کہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے دائرہ میں ٹھیلہ بنڈی رانوں سے معمول وصول کرتے ہوئے انہیں جگہ فراہم کئے جانے کے نتیجہ میں صورتحال انتہائی ابتر ہوچکی ہے اور اس حصہ میں یومیہ لاکھوں روپئے بطور معمول وصول کئے جارہے ہیں اور اس کی روک تھام کرنے کے بجائے متعلقہ محکمہ جات کی جانب سے مکمل خاموشی اختیار کی جا رہی ہے۔ چارمینار کے اطراف واکناف ٹھیلہ بنڈی رانوں کے علاوہ دیگر چھوٹے تاجرین کو ہراسانی کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن محکمہ جاتی ہراسانی کے بعد اب ان سے ’’پروٹیکشن منی‘‘ وصول کیا جانے لگا ہے ۔ ذرائع کے مطابق بعض ایسے افراد جو کہ اس علاقہ میں اپنا اثر و رسوخ رکھتے ہیں وہ ان معصوم ٹھیلہ بنڈی رانوںاور چھوٹے تاجرین کو ہراساں کرتے ہوئے ان سے یومیہ ہزار روپئے وصول کر رہے ہیں اور ان کی جانب سے کی جانے والی وصولی کے حصہ دار اور بھی لوگ ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ بعض بااثر افراد نے تو اس علاقہ میں یومیہ وصولی کے لئے تنخواہ دیتے ہوئے لوگوں کو ذمہ داری دی ہوئی کہ وہ روزانہ کے اساس پر کلکشن کرتے ہوئے انہیں پہنچائیں۔ چارمینار کے مغربی حصہ میں واقع لاڈ بازار کے تاجرین میں بھی ٹھیلہ بنڈیوں کو جگہ کی فراہمی کے سبب ناراضگی پائی جانے لگی ہے اس کے علاوہ چارمینار پیدل راہرو پراجکٹ کے دائرہ میں موجود تاجرین جو دکانات کے مالک ہیں وہ بھی بااثر افراد کی جانب سے معمول وصول کرتے ہوئے جگہ کی فروخت کے علاوہ ٹھیلہ بنڈیوں کے ذریعہ راستوں کو مسدود کئے جانے پر ناراضگی کا اظہار کررہے ہیں اور کہہ رہے ہیںکہ راستہ تنگ کئے جانے کے سبب ان کے اپنے کاروبار بھی متاثر ہونے لگے ہیں ۔3