چارمینار کے قریب جلد ہی ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر

   

حیدرآباد ۔ 31 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : تاریخی چارمینار کے اطراف پارکنگ کے مسائل اب جلد ہی حل ہوں گے کیوں کہ ریاستی حکومت نے چارمینار بس اسٹانڈ ( چارمینار ، شاہ علی بنڈہ روڈ ) پر ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس کی تعمیر کے لیے مختلف گوشوں سے زور دئیے جانے پر DBFOT فریم ورک پر عوامی خانگی شراکت ( پی پی پی ) کے تحت ایک ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذریعہ اس میں دلچسپی رکھنے والوں سے بڈس طلب کئے ہیں ۔ اس کے لیے بڈس کی کشادگی 16 ستمبر کو کی جائے گی ۔ اس مجوزہ ایم ایل پی کامپلکس کا رقبہ تقریبا 3493 مربع میٹر ہوگا جس پر تین سیلارس اور تین فلورس ہوں گے اور اس میں 145 تا 150 فلور وہیلرس اور مساوی تعداد میں ٹو وہیلرس کے لیے پیڈ پارکنگ کی سہولتیں ہوں گی ۔ سیلار ون اور گراونڈ فلور پر ہاکرس کے لیے کمرشیل شاپس ہوں گے ۔ ذرائع نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے علاقے پرانے شہر کی مجموعی ترقی کے لیے ذمہ دار نوڈل ایجنسی ، قلی قطب شاہ اربن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی نے پی پی پی موڈ کے تحت ایک ایم ایل پی کامپلکس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ شہر میں نامپلی کے بعد اس طرح کا دوسرا ملٹی لیول پارکنگ کامپلکس ہوگا جو زیر تعمیر ہے ۔ اس پراجکٹ کا مقصد ملٹیپل فلورس میں عالمی معیار کی پارکنگ سہولت فراہم کرتے ہوئے وزیٹرس کی ضرورت کو پورا کرنا ہے ۔۔