حیدرآباد۔/30جون، ( پریس نوٹ ) مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ ذی الحجہ 1443ھ زیر نگرانی حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام خانقاہ کامل مرکزی آستانہ شطاریہ دبیر پورہ میں منعقد ہوا۔ شہر میں مطلع ابر آلود تھا چاند نظر نہیں آیا۔ رویت ہلال کمیٹی گلبرگہ شریف سے اطلاع ملی کہ وہاں بھی مطلع ابر آلود ہے چاند نظر نہیں آیا۔ البتہ چینائی میں عام رویت ہوئی ، اس کے علاوہ کڑپہ، پورنیہ ( بہار ) سے بھی رویت کی اطلاعات ملیں۔ لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ یکم جولائی 2022ء بروز جمعہ یکم ذی الحجہ 1443ھ ہوگی۔ اجلاس میں مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری، مولانا مفتی خلیل احمد، مولانا سید حسن ابراہیم حسینی سجاد پاشاہ قادری ، مولانا سید محمود بادشاہ قادری زرین کلاہ ، مولانا سید آل مصطفی قادری الموسوی الجیلانی علی پاشاہ، مولانا سید شیخن احمد شطاری کامل پاشاہ ، مولانا ڈاکٹر سید علی حسینی قادری علی پاشاہ، مولانا مفتی سید صغیر احمد نقشبندی ، مولانا مشہود احمد (جامعہ نظامیہ ) اور جناب قاضی سید نور اللہ فاروق عارفی نے شرکت کی۔
شیعہ علماء کا بیان
٭٭ جناب سید علی اصغر جعفری کی اطلاع کے مطابق کُل ہند شیعہ مجلس علماء و ذاکرین نے اعلان کیا کہ ملک کے مختلف شہروں میں چاند نظر آگیا اور اس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ لہذا کل یکم جولائی 2022ء کو یکم ذی الحجہ 1443 ھ ہوگی۔ اسکی تصدیق حسب ذیل علمائے کرام نے کی ہیں: مولانا سید نبی حسن زیدی، مولانا ڈاکٹر سید نثار حسین حیدر آقا، مولانا رضا عباس خان، مولانا سید جواد عابدی، مولانا سید محب عابد۔