چاند نظر نہیں آیا، مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اعلان

   

حیدرآباد : مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن کا ماہانہ اجلاس بضمن رویت ہلال ماہ رمضان 1442 ھ زیرنگرانی حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری الشطاری معتمد صدر مجلس علماء دکن آج شام بمقام مرکزی آستانہ شطاریہ خانقاہ کامل دبیرپورہ میں منعقد ہوا۔ شہر میں چاند نظر نہیں آیا۔ مطلع ابر آلود تھا۔ اس کے علاوہ رویت ہلال کمیٹی گلبرگہ شریف سے اطلاع ملی کہ وہاں اور بنگلور میں بھی مطلع ابر آلود ہے۔ نیز پونہ اور ممبئی سے بھی مطلع ابرآلود ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں، چاند نظر نہیں آیا۔ اودگیر، کڑپہ، ناندیڑ، ادھونی، پٹنہ بہار، دہلی، چینائی اور سورت میں مطلع صاف ہونے کے باوجود چاند نظر نہیں آیا۔ لہذا تحت احکام شرعیہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی صدر مجلس علماء دکن اعلان کرتی ہے کہ بتاریخ 13 اپریل بروز منگل 30 شعبان المعظم 1442 ھ ہوگی۔ اس اجلاس میں حضرت مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری شطاری، حضرت مولانا مفتی خلیل احمد، حضرت مولانا سید حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ، حضرت مولانا سید محمود پاشاہ قادری زرین کلاہ، مولانا سید اولیاء حسینی قادری مرتضیٰ پاشاہ، مولانا سید آل مصطفی قادری الموسوی الجیلانی علی پاشاہ، مولانا سید شیخن احمد شطاری کامل پاشاہ، مولانا ڈاکٹر سید علی حسینی قادری، مولانا سید صغیر احمد نقشبندی، مولانا مشہود احمد اور قاضی سید نوراللہ فاروق عارفی نے شرکت کی۔
مکہ مسجد میں نماز تراویح
حیدرآباد : الحاج محمد عبدالقدیر صدیقی مہتمم مکہ مسجد کی اطلاع کے بموجب تاریخی مکہ مسجد میں مولانا حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد چاند رات سے 9 رمضان تک نماز تراویح میں روزانہ تین پارے قرآن شریف تلاوت فرمائیں گے۔ نماز عشاء ٹھیک 9 بجے ادا کی جائے گی۔ عامۃ المسلمین سے خواہش کی جاتی ہے کہ طہارت اور وضو کرکے اپنی جائے نماز کے ساتھ تشریف لائیں۔ فیس ماسک کے بغیر مسجد میں داخلہ کی اجازت نہیں ہوگی اور سوشل ڈسٹنس کی پابندی ضروری ہے۔