چاول کی مختلف اقسام کی پیداوار میں اترپردیش ملک میں سرفہرست

   

194 لاکھ ٹن کی پیداوار ، پنجاب 136 لاکھ ٹن کے ساتھ دوسرے اور مغربی بنگال تیسرے نمبر پر، تلنگانہ میں 96 لاکھ ٹن پیداوار
حیدرآباد ۔5 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ہندوستان میں چاول کی پیداوار میں حالیہ برسوں میں اضافہ درج کیا گیا اور اترپردیش کو پہلا مقام حاصل ہواہے۔ ہندوستان کے مختلف ریاستوں میں چاول کی پیداوار کے ضمن میں جو سروے کیا گیا ہے ، اس کے مطابق اترپردیش میں 194.1 لاکھ ٹن چاول کی پیداوار ہوتی ہے۔ پنجاب اور مغربی بنگال کے علاوہ تلنگانہ ، مدھیہ پردیش ، چھتیس گڑھ ، اڈیشہ میں بھی چاول کی پیداوار میں اضافہ درج کیا گیا ۔ چاول کی پیداوار میں اوسط درجہ میں شامل ریاستوں میں آندھراپردیش، مہاراشٹرا ، بہار ، آسام اور ٹاملناڈو شامل ہیں۔ پنجاب میں136.67 لاکھ ٹن چاول کی پیداوار درج کی گئی جبکہ مغربی بنگال میں 118.54 لاکھ ٹن چاول کی پیداوار درج کی گئی۔ تلنگانہ میں 96.36 لاکھ ٹن ، مدھیہ پردیش 97.11 لاکھ ٹن ، چھتیس گڑھ 89.17 لاکھ ٹن اور اڈیشہ میں 84.54 لاکھ ٹن چاول کی پیداوار ریکارڈ کی گئی۔آبادی کے اعتبار سے ملک کی بڑی ریاست ہونے کا درجہ رکھنے والی بہار میں چاول کی پیداوار 82.49 لاکھ ٹن ریکارڈ کی گئی۔ چاول کی پیداوار میں اضافہ کے سبب دنیا کے مختلف ممالک کو برآمدات میں اضافہ ہوا ہے ۔ دیگر غذائی اجناس کے مقابلہ بتایا جاتا ہے کہ دنیا کے مختلف ممالک میں ہندوستان کے چاول کی مانگ زیادہ ہے ۔ ماہرین کے مطابق چاول کی پیداوار کے لئے ہندوستان کا ماحول زیادہ سازگار ہے۔ اترپردیش ملک میں چاول کی مجموعی پیداوار کا 16.52 فیصد حصہ فراہم کرتا ہے اور 2024-25 سے پیداوار میں اضافہ دیکھا گیا۔ اترپردیش میں چاول کی 5 مختلف اقسام کی پیداوار ہوتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پنجاب میں بھی مختلف اقسام کے چاول کی پیداوار ہے جس کی دنیا کے مختلف حصوں میں مانگ ہے۔1