چرنجیوی پرجا راجیم قائم نہ کرتے تو تلگودیشم کو اقتدار یقینی تھا: چندرا بابو نائیڈو

   

تلگو فلم انڈسٹری سے شکایت، تلگودیشم پارٹی کے ای ۔ پیپر کی اجرائی
حیدرآباد۔/11جنوری، ( سیاست نیوز) صدر تلگودیشم و سابق چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے میگا اسٹار چرنجیوی کے بارے میں پہلی مرتبہ سیاسی تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر 2009 میں چرنجیوی پرجا راجیم پارٹی قائم نہ کرتے تو تلگودیشم پارٹی کو اقتدار یقینی تھا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ چرنجیوی پارٹی کے قیام سے قبل اور پھر اس کے بعد ان کے ساتھ بہتر روابط برقرار رکھے ہوئے ہیں۔ ابھی بھی چرنجیوی سے میرے بہتر روابط ہیں۔ سیاسی لڑائی میں بعض تبدیلیاں ضروری ہوتی ہیں۔ انہوں نے تلگودیشم پارٹی کے ای۔ پیپر کو جاری کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام تک حکومت کی بے قاعدگیوں کو پہنچانے کیلئے ای۔ پیپر اہم رول ادا کرے گا۔ سنیما ٹکٹوں کی شرح میں کمی کے مسئلہ پر چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی سے فلم انڈسٹری تعاون نہیں کررہی ہے۔ میں جس وقت چیف منسٹر تھا اسوقت اور آج بھی تلگو فلم انڈسٹری میرے خلاف کام کررہی ہے۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ حکومت سنیما ٹکٹوں کے مسئلہ پر اظہار خیال کررہی ہے لیکن سمنٹ کی قیمتوں میں اضافہ پر خاموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ جگن موہن ریڈی کے ذاتی سمنٹ کمپنیاں ہیں جس کے نتیجہ میں وہ قیمتوں میں اضافہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ ہوچکا ہے۔ سماج کے تمام طبقات میں حکومت کے خلاف ناراضگی میں اضافہ ہوچکا ہے۔ تلگو دیشم ای ۔ پیپر کا فون اور کمپیوٹر پر مشاہدہ کیا جاسکتا ہے۔ ر