کوئی سیاسی پہلو نہیں۔ ٹالی ووڈ اسٹار کی وضاحت
امراوتی 14 اکٹوبر ( پی ٹی آئی ) اداکار چرنجیوی نے آج چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی سے امراوتی میں ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی ۔ تاہم کہا کہ اس ملاقات کا کوئی سیاسی پہلو نہیں ہے ۔ چرنجیوی سابق مرکزی وزیر ہیں ۔ وہ اپنی شریک حیات سریکھا کے ساتھ طیارہ سے وجئے واڑہ پہونچے اور انہوں نے چیف منسٹر اور ان کی شریک حیات بھارتی سے ملاقات کی ۔ 2014 میں سیاست سے کنارہ کشی کے بعد چرنجیوی نے 2 اکٹوبر کو اپنی دوسری بڑی فلم سیارا نرسمہا ریڈی ریلیز کی تھی ۔ چیف منسٹر کی قیامگاہ سے باہر آنے کے بعد چرنجیوی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات کا کوئی سیاسی پہلو نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے جگن کو اپنی فلم کے مشاہدہ کیلئے مدعو کیا ہے جن کا رائلسیما علاقہ سے تعلق ہے ۔ جگن نے فلم دیکھنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے ۔ جگن نے بھی چرنجیوی کیلئے نیک تمناوں کا اظہار کیا ۔ چیف منسٹر نے چرنجیوی کو اس موقع پر تہنیت پیش کی ۔